وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ سے سندھ سی این جی ایسوسی ایشن وفد کی ملاقات

وفد نے صوبائی وزیر کو سی این جی اسٹیشنز کو لاحق مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا

جمعہ 17 ستمبر 2021 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ سے سندھ سی این جی ایسوسی ایشن کے وفد نے سندھ اسمبلی میں ملاقات کی اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی نند کمار گھوکلانی بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو سی این جی اسٹیشنز کو لاحق مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ملک میں پیدا ہونے والی گیس کا 72 فیصد سندھ پیدا کررہا ہے لیکن اس کے باوجود سندھ کے سی این جی اسٹیشنز کو سی این جی فراہم کرنے کے بجائے مہنگی آر ایل این جی RLNG خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور سی این جی اسٹیشنز مالکان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ اپنے اسٹیشنز کو آر ایل این جی اسٹیشنز میں منتقل کریں تو ایسے اسٹیشنز کو ضرورت کے مطابق آر ایل این جی کوٹہ مہیا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ سندھ میں پیدا ہونے والی سستی گیس مہیا کرنے کے بجائے مہنگی آر ایل این جی خریدنے پر مجبور کرنے سے ہمارا کاروبار تباہی کا شکار ہے اور سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے تقریباً 2 لاکھ افراد کا روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔لہذا ہماری گذارش ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو سندھ کی پیدا ہونے والی گیس کوٹے سے سی این جی دی جائے۔وزیرِ توانائی سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب پورا ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ انہوں نے وفد کو سندھ حکومت کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایسوسی ایشن کے مطالبات جائز ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔#