سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو ملکی معیشت کے لئے تشویشناک قرار دیدیا

جمعہ 17 ستمبر 2021 23:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے پٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو ملکی معیشت کے لئے تشویشناک قرار دیا ہے اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو یکسر مسترد کیا ہے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے بصورت دیگر بزنس کمیونٹی احتجاج پر مجبور ہوگی۔

سرحدچیمبر کے صدر شیر شیر باز بلور نے گذشتہ روز صنعتکاروں اور تاجروں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاروبار اور انڈسٹریز مخالف پالیسیوں کے نتیجہ میں ملکی معیشت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اب رہی سہی کسر پٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پوری کردی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول و بجلی صنعتوں کے لئے خام مال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اگر قیمتوں میں استحکام برقرار نہ رکھا گیا تو صنعتی پیداوار ی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا جس سے اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھے گی اور کاروباری طبقہ سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بتدریج کمی سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگا اور صنعتی ترقی کا عمل بھی متاثر ہوگا جس کی وجہ سے بے روزگاری مزید بڑھے گی۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون سے متاثرہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں ناکہ کاروبار کش پالیسیوں کی تشکیل اور صنعتی ترقی کے عمل میںرکاوٹیں پیدا کرکے مشکلات میں مزید اضافہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلہ روپے کی گرتی ہوئی قدر کافی تشویشناک امر ہے اور حکومت اپنے معاشی پالیسیوں میں استحکام و بہتری لانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ ڈالر کی اونچی اڑان کو روک جائیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے صنعتی ترقی و تجارت کے فروغ کا عمل شدید متاثر ہوگا ۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سمیت بجلی و گیس کے نرخوں میں اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور کاروبار کو فروغ حاصل ہو کیونکہ کاروباری طبقہ کو رونا لاک ڈائون کے باعث پہلے سے بے شمار مشکلات سے دوچار ہے اور حکومت اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرکے چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے ایک خصوصی مالیاتی پیکیج کا فوری طور پر اعلان کریں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس نہ لیا اور کاروبار و صنعت کش پالیسیاں ترک نہ کیں تو بزنس کمیونٹی احتجاج پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت اور متعلقہ اتھارٹیز پر ہوں گی۔