Live Updates

جام کمال مستعفی نہیں ہوں گے آئینی مدت پوری کریں گے، ترجمان بلوچستان حکومت

تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن جماعتوں کا آئینی حق ہے، تمام اتحادی وزیراعلیٰ کی حمایت میں ساتھ کھڑے ہیں۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کی میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 ستمبر 2021 18:19

جام کمال مستعفی نہیں ہوں گے آئینی مدت پوری کریں گے، ترجمان بلوچستان ..
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17ستمبر2021ء) ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال آئینی مدت پوری کریں گے، مستعفی نہیں ہوں گے، تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن جماعتوں کا آئینی حق ہے، تمام اتحادی وزیراعلیٰ کی حمایت میں ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان بطور وزیراعلیٰ بلوچستان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔

سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مستعفی ہونے سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانا ان کا آئینی حق ہے۔ صوبائی حکومت کے تمام اتحادی وزیراعلیٰ کی  حمایت کررہے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیراعلی ہاؤس میں اہم ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹرز سرفراز احمد بگٹی، منظور خان کاکڑ، عبدالقادر، نصیب اللہ بازئی، اراکین قومی اسمبلی نوابزادہ خالد خان مگسی، سردار اسرار ترین، نوابزادہ عامر خان مگسی، بی اے پی کے رہنما ملک شہریار خان، میر اعجاز سنجرانی اور سابق وفاقی وزیر میر دوستین ڈومکی موجود تھے، ملاقات میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی بعد کی صورتحال اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال کا گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی جام کمال نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے اراکین اسمبلی بلوچستان عوامی پار ٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات