نیوزی کرکٹ کے حکام بتائیں گے دورہ کیوں منسوخ کیا گیا؟، شاہد آفریدی کا سوال

قابل بھروسہ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی سکیورٹی کلیئرنس کیلئے پاکستان میں موجود ایڈوائزر سکیورٹی انتظامات سے خوش تھے: سابق کپتان کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 ستمبر 2021 11:36

نیوزی کرکٹ کے حکام بتائیں گے دورہ کیوں منسوخ کیا گیا؟، شاہد آفریدی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کی اچانک منسوخی پر شکوک و شبہات کا اظہار کردیا ۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ قابل بھروسہ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی سکیورٹی کلیئرنس کے لیے پاکستان میں موجود سکیورٹی ایڈوائزر سکیورٹی انتظامات سے خوش تھے ۔

شاہد آفریدی نے استفسار کیا کہ کیا نیوزی لینڈ کی کرکٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی وضاحت کریں گے کہ کس کی کال پر یہ دورہ منسوخ کیا گیا ؟ ‘
۔ واضح رہے کہ یوں اچانک دورہ پاکستان کی منسوخی پر پاکستانی کرکٹرز اور عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اس طرح کی افواہیں بھی پھیل رہی ہیں کہ ملک دشمن عناصر نے گہری سازش کے تحت یہ دورہ منسوخ کرایا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ نے اچانک سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک مہمان ٹیم کی کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔ پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انھیں سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے ہیں جس کے باعث دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دورے کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنا چاہتے ہیں اور تمام انتظامات بھی مکمل ہیں لیکن آخری لمحے میں نیوزی لینڈ کے فیصلے سے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔