محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو زہرپاشی کو مؤ ثر بنانے کیلئے خصوصی سفارشات پر عملدر آمد کی ہدائت کر دی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:43

فیصل  آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2021ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو زہرپاشی کو مؤ ثر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق سپرے سے ہی کرم کش ادویات مؤ ثر ثابت ہو سکتی ہیں۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ ماہرین کی رائے کو مدنظر رکھے بغیر سپرے کرنے سے کرم کش ادویات کا 50فیصد حصہ ضائع ہو جاتا ہے جبکہ زہر پاشی صحیح آلات اور صحیح طریقوں سے نہ کرنے سے کسان کو بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا کاشتکار ہاتھ یا انجن کی طاقت سے چلنے والے نیپ سیک سپرئیر کو اس طرح استعمال کریں کہ فصل کے اوپر اور اطراف سے دوائی مؤ ثر طریقہ سے پتوں تک پہنچ سکے۔

انہوں نے کہاکہ خیال رہے کہ ڈنڈی یعنی لانس پر نوزل تقریباً 45 درجہ کے زاویہ پر لگی ہوئی ہو اور ایک وقت میں صرف ایک قطار پر سپرے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کرم کش ادویات کے سپرے کیلئے ہالوکون نوزل اور جڑی بوٹی کے اگاؤ سے پہلے ختم کرنے کیلئے فلڈ جیٹ اور جڑی بوٹیوں کو اگاؤ کے بعد ختم کرنے کیلئے فلیٹ فین نوزل استعمال کریں نیز زہرپاشی سے پہلے پمپ کو چلا کر مطلوبہ پریشر (3 بار یا 45 پونڈ فی مربع انچ) بنا لیں اور دوران زہرپاشی پمپ کو حسب ضرورت چلاتے رہیں تاکہ پریشر برقرار رہے۔

انہوں نے کہاکہ ان سپریئرزپر پریشر گیج اور پریشر کنٹرول سسٹم لگاہوناچاہئے علاوہ ازیں کاشتکار دوران زہرپاشی اپنی حفاظت کیلئے سپرے ہونے والی قطار اور اپنے درمیان ایک قطار خالی رکھیں جس پر ابھی سپرے نہ ہوا ہو اسی طرح سپرے ہوا کے مخالف نہ کریں کیونکہ اس طرح ایک تو سپرے یکساں نہیں ہوتا بلکہ یہ طریقہ سپرے کرنے والے کیلئے بھی خطرناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بوم سپرئیر سے سپرے کرتے وقت بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے تجربہ کار آپریٹر درکار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر تربیت یافتہ آپریٹر ان باتوں کا خیال نہیں کرسکتا جن کا بوم سپرئیر سے سپرے کرتے وقت ملحوظ رکھنا اشد ضروری ہے اس لئے بوم سے سپرے کرتے وقت سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ بوم فصل اور زمین کے متوازی ہے ایک طرف کو جھکی یا اٹھی ہوئی بوم غیر یکساں سپرے کا موجب بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار زہر پاشی کھیت میں شروع کرنے سے قبل یہ چیک کرلیں کہ تمام نوزلز چل رہی ہیں اور اگر بوم کے ہر سیکشن کو علیحدہ علیحدہ سپلائی دی گئی ہے تو تمام سیکشن کے والز بروقت کھولیں کیونکہ اگر ذرا سی غفلت یا لاپرواہی سے کسی سیکشن کا والو نہ کھولا گیا تو فصل کے کچھ حصہ پر زہرپاشی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکارسپرے کرتے وقت یہ خیال کریں کہ بوم کی اونچائی فصل سے کتنی ہے کیونکہ بہت زیادہ اونچائی یا بہت کم اونچائی غیر یکساں سپرے کا سبب بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بوم کی اونچائی فصل سے اتنی ہو کہ ایک نوزل کے پھوار دوسری نوزل کی پھوار پر 30 سے 40 فیصد اوورلیپ ہورہی ہو۔علاوہ ازیں نوزل کا زاویہ اور نوزل سے نوزل کا درمیانی فاصلہ بوم کی اونچائی سیٹ کرنے میں بہت اہمیت کا حامل ہے تاہم نوزل سے نوزل کا درمیانی فاصلہ ہر بوم پر مختلف ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فصل کا قد چھوٹا ہو اور پودے پر لگے پتے زمین کو مکمل طور پر ڈھانپ نہ رہے ہوں تو ایسی صورت میں سپرے محلول کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے بوم کو فصل کے نزدیک رکھیں لیکن بوم پر ہر نوزل اڑھائی فٹ پر لگی ہو تاکہ سپرے عین پودے کی قطار کے اوپر ہو۔

انہوں نے کہا کہ ا کثر اوقات بوم بنانے والے بوم کے آخری سرے پر ایک نوزل ایک خاص زاویہ پر لگادیتے ہیں تاکہ سپرے کی چوڑائی کو بڑھایا جاسکے لیکن یہ طریقہ انتہائی غلط ہے کیونکہ اس طریقہ سے آخری قطاروں پر سپرے بالکل غیر یکساں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فصل گھنی ہو تو نیچے سے سپرے کرنے والے نوزل کا استعمال بھی کر لینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :