سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کئے گئے ای چالانوں کی وصولی کے طریق کار کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا21 ستمبر کو ایڈووکیٹ قاضی مصباح کی درخواست پرسماعت کریں گے

ہفتہ 18 ستمبر 2021 15:00

سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کئے گئے ای چالانوں کی وصولی کے طریق کار کیخلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) لاہور ہائیکور ٹ نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کئے گئے ای چالانوں کی وصولی کے طریق کار کیخلاف درخواست21ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا21 ستمبر کو ایڈووکیٹ قاضی مصباح کی درخواست پرسماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑیوں کے موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت چالان کیے جاتے ہیں، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالان اور نادہندگان سے زبردستی وصولی کا کوئی قانون موجود نہیں۔

ای چالان صرف بطور شہادت استعمال ہو سکتے ہیں، نادہندگان کے چالان متعلقہ مجسٹریٹ کو بھجوانا قانونی تقاضا ہے۔ متعلقہ مجسٹریٹ ہی چالان پر سمری ٹرائل کرکے جرمانہ یا بری کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ نادہندگان کو زبردستی روک کر جرمانہ وصول نہیں کیا جا سکتا۔ اسمبلی سے قانون منظور کروائے بغیر سیف سٹی کے ذریعے ای چالان اور جرمانوں کی وصولیاں نہیں ہوسکتیں۔ استدعا ہے کہ عدالت ای چالان اور نادہندگان سے وصولیوں کا طریق کار کوکالعدم قرار دیا جائے۔