نئی دہلی، پولیس نے شرومنی اکالی دل کے رہنمائوں کو احتجاج کے دوران گرفتار کر لیا

ہفتہ 18 ستمبر 2021 16:55

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) بھارتی پولیس نے شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے صدر سکھبیر سنگھ بادل اور سابق وزیر ہرسمرت کور بادل کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ تین متنازعہ زرعی قوانین کی منظوری کی پہلی برسی کے موقع پر دارالحکومت نئی دلی میں ایک احتجاجی مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شرومنی اکالی دل نے جس نے گزشتہ برس متنازع زرعی قوانین کی منظور ی کے بعد حکمران اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی 17 ستمبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔

تنظیم نے نئی دلی میں گرودوارہ رکاب گنج سے پارلیمنٹ ہاؤس تک احتجاجی مارچ کیا۔ نئی دلی کے ڈپٹی کمشنر پولیس دیپک یادو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سکھبیر سنگھ بادل اور ہرسمرت کور بادل سمیت 15 دیگر پارٹی رہنماؤں کو پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانے میں حراست میں رکھا گیاجبکہ بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مارچ کی وجہ سے نئی دلی کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر ٹریفک جام رہا۔

دریں اثنا ہرسمرت کور باد نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ احتجاجی مارچ میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی شرکت انکے غصے کو ظاہر کرتی ہے۔کسان دہلی بارڈر پر ایک برس سے احتجاج کر رہے ہیںلیکن حکومت متازع قوانین کے بجائے مظاہرین کو ہی ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی اتحاد چھوڑنے پر فخر ہے اوراکالی دل استبداد کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گی۔