پتنگ بازی جان لیوا کھیل ہے،لاہور پولیس شہریوں کی زندگی کے لئے خطرہ بننے والی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی ہر گز اجازت نہیں دے گی،سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر ہفتہ 18 ستمبر 2021 17:04

پتنگ بازی جان لیوا کھیل ہے،لاہور پولیس شہریوں کی زندگی کے لئے خطرہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2021ء) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پتنگ بازی جان لیوا کھیل ہے،لاہور پولیس شہریوں کی زندگی کے لئے خطرہ بننے والی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے یہ بات آج پولیس سٹیشن اکبری منڈی میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ایس پی سٹی رضوان طارق،ایس ڈی پی او نولکھا سرکل میاں قدیر اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس کی اس سال اب تک انسداد پتنگ فروشی کے حوالے سے سب سے بڑی کارروائی کے دوران پتنگ فروشی کے گھناونے کاروبار میں ملوث ملزم یاسین کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم عرصہ دراز سے پشاور سے مال لا کر لاہوراور دیگر اضلاع میں فروخت کرتا تھا۔

ملزم کے قبضہ سے 50 ہزار سے زائد پتنگیں, 1000چرخیاں, 2230 پنے ڈور,4000 گچھ ڈور برآمد کر لی گئی ہے جبکہ ملزم کے ساتھی عمران کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیے جا رہے ہیں۔لاہور پولیس نے رواں سال اب تک پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 10211 ملزمان کو گرفتارکرکے مختلف تھانوں میں 10112 مقدمات درج کئے۔دوران کاروائی ملزمان کے قبضہ سے ایک لاکھ سے زائد پتنگیں،18ہزار سے زائد ڈوریں اور پتنگ سازی کا دیگر سامان بھی برامد کیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کائٹ فلائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی مستقل سرکوبی کے لئے سزائیں مزید سخت بنانے اور سپلائی لائن روکنے کے لئے مختلف اداروں کے تعاون سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ شہریوں کی زندگی کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے پتنگ فروشوں، مینوفیکچررز اور پتنگ بازوں کے جرم کی نوعیت کے اعتبار سے سزاوں میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

سی سی پی او نے مزید کہا کہ پولیس تجاویز کے مطابق پتنگ سازی،پتنگ فروشی اور مینوفیکچرنگ کے اس آرگنائزڈ جرم میں ملوث فیس بک پیجز،ویب سائٹس کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم کاروائی کرنے کا مجاز ہو گا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پولیس افسران کو پتنگ بازی، پتنگ سازی اور پتنگ فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف وسیع پیمانے پر کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پتنگ بازی کی شکایت پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تھانے کی سطح میں پتنگ بازی کی روک تھام اور اس حوالے سے موجود قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سرکوبی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ ٹیموں کو بھی دوران پٹرولنگ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہیں۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پتنگ بازوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا کے ذریعے آن لائن خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہاکہ کائٹ مینوفیکچررز، ہول سیل ڈیلرز اور تندی ڈور ایکسپورٹرز کیخلاف زیرو ٹولرنس پالیسی پر سختی سے عملدرامد یقینی بنایا جا رہا ہے۔