Live Updates

پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کو دو سال مکمل،سیکڑوں جیالوں کا پریس کلب کے سامنے دھرنا و علامتی بھوک ہڑتال

Imran Malik عمران ملک ہفتہ 18 ستمبر 2021 17:12

پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کو دو سال مکمل،سیکڑوں جیالوں ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام  ایم این اے سید خورشید احمد شاہ  کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی جانب سے کی گئی گرفتاری کو دو سال مکمل ہوگئے ہیں گذشتہ دو سالوں سے انہیں پابند سلاسل رکھنے اور ان کے صاحبزادے رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ کو بھی گرفتار کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا اور بھوک ہڑتال کی گئی دھرنے  میں خورشید شاہ کے چھوٹے صاحبزادے سید زیرک شاہ ،ضلع سکھر ،سٹی سکھر کے عہدے داروں سمیت ذیلی تنظیموں پیپلز لیڈیز ونگ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز مینارٹی ونگ، پیپلز ہاری کمیٹی، پیپلز لیبر بیورو، ڈاکٹر ونگ، لائرز ونگ ،سید خورشید شاہ رہائی کمیٹی ،پی پی سٹی ورکرز کے عہدے داروں و کارکنان نبی بخش جسکانی ،غلام مرتضی گھانگھرو،میڈم عزرا جمال،نیاز چنہ،نسیم حیدر بلوچ،نصیر گوپانگ،داؤد چوہان،حاجی روشن و دیگر نے شرکت کی شرکاء نے خورشید شاہ کی عدم رہائی کیلئے نعرے بازی کی شرکاء نے ہاتھوں میں سید خورشید شاہ کی تصاویر ،انکی رہائی کیلئے تحریری پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں نے اپنے خطابات میں سید خورشید شاہ کی سیاسی و عوامی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عمران خان حکومت پی پی کو عوام سے دور کرنا چاہتی ہے اس لئے وہ پی پی عوامی لیڈروں کے خلاف سرکاری محکموں کیساتھ ملکر انہیں سیاسی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے خورشید شاہ کو عوام کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر نشانہ بنایا جارہا ہے انکے خلاف درج مقدمات میں سے ایک کیس بھی ثابت نہیں ہوسکا ہے اور انہیں بلاجواز قید کرکے حراساں کیا جارہا ہے کہ وہ پی پی چھوڑ دیں پی پی جیالے سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن پارٹی سے غداری اور عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے آج ہم نے یوم سیاہ منا کر موجودہ حکومت کو پیغام دیا ہے کہ پی پی کارکنان سیاسی انتقامی کاروائیوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں اور سید خورشید احمد شاہ کی ہر مشکل گھڑی میں انکے شانہ بشانہ ہیں مذکورہ رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سید خورشید شاہ کو بلاجواز گرفتار رکھنے والے عمل کا نوٹس لیکر انکے خلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں اور انہیں فوری رہا کیا جائے بصورت دیگر ہمارا پر امن احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا ۔

دھرنے میں شہرسمیت ضلع بھر سے جیالےاور جیالیاں قافلوں کی صورت میں شریک ہوتے رہے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات