دہشت گرد علاج معالجہ کیس :تمام ملزمان اور گواہ کو پیش ہونے کا حکم دیدیا

ہفتہ 18 ستمبر 2021 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دہشتگردوں کے علاج معالجے اور پناہ دینے کے مقدمے میں آئندہ سماعت پر تمام ملزمان اور گواہ کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو دہشتگردوں کے علاج و معالجے اور پناہ دینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم حسین، انیس قائمخانی، روف صدیقی، وسیم اختر اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران گواہ سب اسپکٹر راشد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم عثمان معظم طبیت ناساز ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ رینجرز پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ قادر پٹیل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام نامزد ملزمان اور استغاثہ کو آئندہ سماعت پر گواہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔