Live Updates

وزیراعظم اور تاجک صدر طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، فواد چوہدری

تاجکستان کے صدر کو دنیا بھر میں تاجک احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، نئی افغان حکومت میں تاجکوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی، وزیر اطلاعات

ہفتہ 18 ستمبر 2021 19:34

وزیراعظم اور تاجک صدر طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔افغانستان کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وفاقی و زیر نے کہاکہ تاجکستان کے صدر کو دنیا بھر میں تاجک احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، نئی افغان حکومت میں تاجکوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ تاجکستان کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران دونوں دھڑوں کو قریب لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، طالبان سے مذاکرات کا اعلان تاریخی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ طالبان کے لئے ان گروپوں کو حکومت میں شامل کرنا آسان نہیں جو ان کے ساتھ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں، افغانستان کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے ان دونوں دھڑوں کو ساتھ ملانا ضروری ہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ خطے میں امن اور سلامتی کے لئے سماجی و اقتصادی بحالی اہم عنصر ہے، تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم عمران خان نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات