Live Updates

وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ، چوہدری فواد حسین

افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، خطے میں امن اور سلامتی کے لئے سماجی و اقتصادی بحالی اہم عنصر ہے،بیان

ہفتہ 18 ستمبر 2021 21:44

وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریںگے۔ افغانستان کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا تاجکستان کے صدر کو دنیا بھر میں تاجک احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نئی افغان حکومت میں تاجکوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تاجکستان کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران دونوں دھڑوں کو قریب لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

طالبان سے مذاکرات کا اعلان تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا طالبان کے لئے ان گروپوں کو حکومت میں شامل کرنا آسان نہیں جو ان کے ساتھ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا افغانستان کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے ان دونوں دھڑوں کو ساتھ ملانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا خطے میں امن اور سلامتی کے لئے سماجی و اقتصادی بحالی اہم عنصر ہے۔ انہوں نے کہا تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم عمران خان نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے،
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات