بجلی بلوں میں 35 فیصد ٹیکس کا نفاذ حکومتی بے حسی ہے ،اشرف بھٹی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کا نفاذ حکومتی بے حسی اور بے رحمی کا مظہر ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بعد اب ان پر مہنگی بجلی بھی گرا دی ہے۔

(جاری ہے)

بجائے ہوشربا مہنگائی سے حکمران عوام کو ریلیف د یتے الٹا حکومت ان کی جیبوں پر مزید ڈاکے مار رہی ہے۔یہ حکومت پاکستان کو جس معاشی دلدل میں دھکیل چکی ہے اس سے نکالنا دہائیوں کا کام ہو گا آخر پاکستان کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کرنے کے بجائے یہ حکومت آمرانہ طرز حکومت اپنائے ہوئے ہے۔خزانہ بھرا ہوا دکھانے کے لئے یہ حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہی ہے۔اپنے تین سالہ دور میں یہ حکومت 59 کے قریب صدارتی آرڈیننس نافذ کر چکی ہے۔انہوں نے اسمبلی کو ایک ربڑ سٹیمپ بنا کررکھ دیا ہے ۔