نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی نے جعلی حکمرانوں کی عزت کا جنازہ نکال دیا ہے ،رانا تنویر

ہمارے دور میں کھلاڑیوں کو ریلو کٹے کہہ کر تنقید کرنیوالوں کے لیے شرم کا لفظ بھی کم تر ہے =سبز پاسپورٹ کو دنیا میں عزت دلانے کا نعرہ لگانے والوں کی نا اہلی سے پاکستان نہ صرف اندرونی بلکہ بیرونی طور پر بھی خفگی کا شکار ہے،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:04

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے واپس جانے کے واقعہ نے جعلی حکمرانوں کی عزت کا جنازہ نکال دیا ہے اور ہمارے دور میں دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کو ریلو کٹے کہہ کر تنقید کرنے والوں کے لیے شرم کا لفظ بھی کم تر ہے۔، سبز پاسپورٹ کو دنیا میں عزت دلانے کا نعرہ لگانے والوں کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان نہ صرف اندرونی بلکہ بیرونی طور پر بھی خفگی کا شکار ہے۔

اپنے ایک بیان میں راناتنویر حسین نے کہا کہ حکومتی ترجمان دورہ نیوزی لینڈ کی منسوخی کی وجہ بیرونی سازش قرار دیتے رہے مگر سازشی اپنا کام دکھا کر ٹیم کو واپس لے گئے۔ انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت نے بڑی محنت کرکے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال کی تھی اور میاں شہبا ز شریف نے فول پروف سکیورٹی کے ذریعے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا اعتماد حاصل کیا تھا مگر نا اہل حکمرانوں نے ہماری ساری محنت پر پانی پھیر دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ترقی کی طرف دوڑتے ہوئے ملک کو تباہی کی طرف دوڑانے والے حکمران اب پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کر رہے ہیں لیکن ان کی رنگ بازیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان میں کھیلوں کا قتل کیا ہے جو خودکو مہذب کہلانے والے ملک کے شایان شان نہیں ہے۔ ملک کے وزیر اعظم کی ٹیلی فون کال کو رد کرنے سے یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ ہنڈ سم وزیر اعظم بیرون دنیا کے لیے ایک میئر کی حیثیت بھی نہیں رکھتے۔