پرائس کنٹرول میکنزم،جدید جرائم کی روک تھام ، گورننس کی بہتری کیلئے سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائی جائینگی ‘ جمشید چیمہ

آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے دو ہفتوں نوٹیفکیشن جاری کردیاجائے گا،اس کے تحت الگ سے تھانے اور نفری ہو گی پاکستان دنیا میں قیمتوں کے لحاظ سے ڈیزل میں 24،پیٹرول میں 18ویں نمبر پر ہے جہاں فی لیٹرقیمت ہم سے کم ہے‘پریس کانفرنس

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول میکنزم،جدید جرائم کی روک تھام اور گورننس کو بہتر بنانے کیلئے میری سربراہی میں کمیٹی جامع اور موثر سفارشات مرتب کرکے وزیر اعظم کو بھجوائے گی اور آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے متوقع طو رپر دو ہفتوں نوٹیفکیشن جاری کردیاجائے گا،اسکے تحت الگ سے تھانے اور نفری ہو گی ،پیپلز پارٹی نے پیٹرول 90سینٹ ،مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال 78سینٹ پر بیچا جبکہ موجودہ حکومت ایوریج 67سینٹ پر فروخت کر رہی ہے ،پاکستان دنیا میں قیمتوں کے لحاظ سے ڈیزل میں 24ویں اور پیٹرول میں 18ویں نمبر پر ہے جہاں پر فی لیٹرقیمت ہم سے کم ہے او ریہ تمام ممالک خودتیل کی پیدا وارکرتے ہیں جبکہ نیٹ امپورٹرز میںپاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ موجودہ حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانے والے یاد رکھیں کہ جب پاکستان بنا تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت ساڑھے تین روپے تھی اور پھر ماضی کے تمام حکومتی ادوار میں ڈالر کی قیمت اور مہنگائی ایک مستقل عمل کے طور پر ہمیشہ بڑھتی ہی رہی ہے اور دنیا بھر کے معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یقینا یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ بھی ایسا ہی ہوتا رہے گا ۔

انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں خسرو بختیار ،فخر امام اور عبد الرزاق دائود کے علاوہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریزشامل ہیں جبکہ میڈیا کو تمام تفاصیل کی فراہمی میری اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی ذمہ داری ہے ۔نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے پالیسی اور انتظامی اہداف کے ساتھ ساتھ سٹریجک ضابطے بھی طے کر لئے ہیں جن کے تحت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کے مطابق قائم رکھنے کی کاوش کی جائے گی جبکہ آٹا گھی چینی اور دالیں سستا بازار اور یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے عوام کے لئے سستے داموں دستیاب ہوں گی ۔

انہوںنے کہاکہ فصلیں بہترین ہو رہی ہیں ،کاٹن چاول اور مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئی ہے اور نیشنل ایگریکلچر پروگرام کے تحت براہ راست سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔سرکاری گندم کی ریلیز شروع ہو چکی ہے اورانتظامی طور پر ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کی بیخ کنی کریں اور قیمتوں میں آنے والے اتار چڑھا ئوپر بھی نگاہ رکھیں ۔

انہوںنے بتایا کہ ان کی سربراہی میں ایک اور کمیٹی بنائی گئی ہے جو جدید جرائم کی روک تھام ، پرائس کنٹرول کے میکنزم اور گورننس کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات مرتب کرے گی جو وزیر اعظم کو بھجوائی جائیں گی ، پولیسنگ کے لئے نئی ورک فورس او نئے تھانوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ہم ہول سیلرز اور ریٹیلرزکے درمیان مارجن کو کم کرنا چارہے ہیں اورکوشش ہے کہ یہ 20فیصد سے زیادہ نہ ہو،ریٹیلر اور ہول سیلر کے درمیان مارجن بیس فیصد سے زیادہ ہونے پر چیف سیکرٹری اور متعلقہ ضلعی کا ڈی سی ذمہ دار ہوگا۔

۔ حکومت نے دالوںکی خریداری کے لئے 10ارب روپے رکھے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نئے سیزن میں گنے کی 100ملین ٹن پیداوار متوقع ہے جس سے 9ملین ٹن چینی پیدا ہو گی جو ہماری ضرورت سے زیادہ ہے ۔ حکومت سٹریٹجک ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لئے 4ملین ٹن گندم جبکہ 6لاکھ ٹن چینی درآمد کرے گی ، ہم نے 15اشیائے ضروریہ کی120کے روزکے ذخائر کو مستحکم رکھنا ہے تاکہ ذخیرہ اندوز فائدہ نہ اٹھا سکیں۔