صوبائی وزیر اقلیتی امور گیا ن چند ایسرانی کا شری آنند پور مندر کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا معائنہ

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے شری آنند پور مندر کلفٹن کا دورہ کیا اور مندر کے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر منارٹی افیئرز سندھ عبدالشکور ابڑو و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر اقلیتی امور کو ہدایات دیں کہ مندر کے جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام تیز کیا جائے اور بالخصوص معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے فلاح و بہبود سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی 20 اراکین پر مشتمل ہوتی ہے، جس کی وزیر اعلی سندھ کی منظوری سے تشکیل نو کردی گئی ہے ، جس کا گذشتہ روز نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

مذہبی عبادت گاہوں کے ترقیاتی کام، اسکالرشپس اور مالی امداد کے کیسز کی منظوری کمیٹی کی سفارشات اور میرٹ پر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں ہندو، مسیحی، شیڈیول کاسٹ،سکھ ، پارسی برادری کو مکمل نمائندگی دی گئی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ،سینیٹر کرشنا کماری، سینیٹر انور لعل ڈین،ایم این اے مہیش کمار ملانی، ایم این اے رمیش لال، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر کٹو مل جیون، سریندر ولاسائی، پونجو مل بھیل ،ایم پی ایز ہری رام کشوری لال،رانا ھمیر سنگھ،اینتھونی نوید، لال چند اکرانی، سابق سینیٹر گیانچند ، کملا بائی ، سردار رمیش سنگھ، تشنا مائتی پٹیل، مکھی اودھا مل ودیگر شامل ہیں۔