ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈ ر پر مشتمل وفد کی کمشنر پشاور ریاض خان محسود سے ملاقات

ہفتہ 18 ستمبر 2021 19:54

پشاور۔18ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2021ء) :ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈ ر پر مشتمل وفد  نے  کمشنر پشاور ریاض خان محسود سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز ملاقات میں سرحد کنزرویشن نیٹ ورک(ایس سی این)اور پشاور کلین ائیر الائنس (پی سی اے اے) اورسول سوسائٹی آرگنائزیشن کے وفدسمیت دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔

ملاقات میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے کہا کہ کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کے ساتھ ماحولیات کے حوالے سے اقدامات کے حوالے سے ملاقات کریں گے تاکہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹا جا سکے۔  انہوں نے خیبرپختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی طرف سے صنعتی یونٹس کو این او سی جاری کرنے سے متعلق ڈیٹا بھی شیئر کیا۔ ملاقات کے دوران پشاور یونیورسٹی کے ڈاکٹر آصف خان خٹک نے کمشنر پشاور ڈویژن کو ایک پریزنٹیشن دی جس میں ہوا کے خراب ہوتے ہوئے معیاراور اس حوالے سے خطرے سے نمٹنے اور ہوا کو صاف رکھنے کیلئے مختصر مدتی اور طویل مدتی سفارشات کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ 6نومبر کو ملک میں قومی صاف ہوا کا دن منایا جائے تاکہ ملکی سطح پر آگاہی پیدا ہو۔ پریزنٹیشن کے بعد ایک گروپ ڈسکشن ہوا اورملاقات کے تمام اراکین نے کمشنر کے ساتھ آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر طویل بحث کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ پشاور ڈویژن میں آلودگی پھیلانے والے اور پولی تھین بیگ بنانے والے کارخانوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائیوں کا آغاز کردیا گیا جس کا سول سوسائٹی کی جانب سے زبردست خیر مقدم کیا جا رہا ہے جبکہ  اس کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے بھی سول سوسائٹی کو متحرک کردیا گیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔