پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی کرپشن کا حصہ ہے ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

اتوار 19 ستمبر 2021 00:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ پریس ریلیز میں نااہل ناکام عوام دشمن حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی کرپشن کا حصہ قرار دیکر ان قیمتوں کو مسترد کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی چند پیسوں میں جبکہ اضافہ روپیوں میں کی جاتی ہے اور موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے ہر ماہ تقریباً پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی چلی آرہی ہیں اور یہ ان کے تبدیلی کے نعروں اور عام آدمی کو آسانی مہیا کرنے کے دعووں کی مکمل نفی وروگردانی کے مترادف ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف ایک دن میں پیٹرول ،ڈیزل کروڑوں لیٹر کے حساب سے اپنے ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ڈالتے ہیں اور صرف ایک دن کا حکومت کو ایک ارب سے بھی زیادہ رقم منافع ہوتا ہے جو کہ عوامی خزانے میں بلکہ یہ حکومت کی اپنی پاکٹ منی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے تبدیلی سرکار کے بڑے بڑے دعوے ریت کے ڈھیر ہوگئے ہیں سمندوں سے تیل نکالنے والی اب عوام کا تیل نکال رہے ہیں ، بدترین منگائی ،بیروزگاری کے باعث غریب عوام کے ساتھ ساتھ اب مڈل طبقے کے لوگ بھی غربت کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکومتی وزراء ، مشیران ، ترجمان کی جانب سے عوام دوست معیشت ،عوام دوست حکومت ، عوامی ریلیف کے پیکجز کے تمام دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں۔

کیونکہ تاریخ ساز مہنگائی کے باعث لوگ اپنے بچوں کے ہمراہ خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں اور آئے روز کے واقعات ہمارے عوام کے سامنے ہیں جس پر حکومت نے اپنے آنکھوں پر پردہ ڈال کر رکھا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں ، اشیاء خوراک واشیاء زندگی کے استعمال تمام چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائیگا پہلے ہی مہنگائی اتنی زیادہ ہے کہ نااہل حکومت اسے کنٹرول نہیں کر پارہی ہیں اور تیل کی قیمتوں میں کمی کی بجائے مزید اضافہ کرنا حکومتی کرپشن کو دوام دینا ہے۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کمی کر کے عوام کو حقیقی معنوں میں ہر شعبہ زندگی میں ریلیف دیا جائے اور اگر حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو مزید مہنگائی بڑھانے اور اپنی کرپشن کیلئے عوام دشمن اقدامات سے گریز کرے۔