لبنان‘حکام نے وادی بقاع میں امونیم نائٹریٹ کی20 ٹن مقدارقبضے میں لے لی

امونیم نائٹریٹ کو جب ایندھن کے طور پر استعمال ہونے والے تیل کے ساتھ ملایا جاتا ہے تو اس سے تعمیراتی صنعت میں وسیع پیمانے پراستعمال ہونے والا طاقتور دھماکا خیزمواد بن جاتا ہے

اتوار 19 ستمبر 2021 12:15

لبنان‘حکام نے وادی بقاع میں امونیم نائٹریٹ کی20 ٹن مقدارقبضے میں لے ..
بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) لبنان میں حکام نے مشرق میں واقع وادی بقاع میں امونیم نائٹریٹ کی بیس ٹن مقدار قبضے میں لے لی ہے۔امونیم نائٹریٹ ایک بے بو کرسٹل (شفاف) مادہ ہے جو عام طور پر کھاد کے طور پراستعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران میں صنعتی مراکز میں متعدد دھماکوں کا سبب بھی رہاہے۔چاراگست 2020ء کو بیروت کی بندرگاہ پرایک گودام میں برسوں سے غفلت اور بے پروائی سے رکھے گئے اس کیمیکل کی بڑی مقدار میں زوردار دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 214 افراد ہلاک اورقریباً 6500 زخمی ہو گئے تھے۔

لبنان کے قومی خبر رساں ادارے (این این ای) نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے شام کے ساتھ واقع مشرقی وادی بقاع میں کھاد کے ایک گودام میں چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے اس گودام میں کھڑے ٹرک میں ذخیرہ شدہ 20 ٹن خطرناک کیمیکل قبضے میں لے لیا ہے اوراس کو’’محفوظ جگہ‘‘پر منتقل کردیا ہے۔واضح رہے کہ وادی بقاع کو لبنان اور شام کے درمیان اسمگلنگ کی کارروائیوں کی آماج گاہ سمجھاجاتا ہے اور اسی وادی کے ذریعے دونوں ملکوں میں ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کا دھندا ہوتا ہے۔

گودام سے برآمد شدہ امونیم نائٹریٹ کی مالک کمپنی کا کہنا ہے کہ کھاد کو زرعی مقاصد کے لیے استعمال میں لایاجاناتھا۔کمپنی کے سربراہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہمارے ایک ملازم نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا تھا کہ ہمارے پاس امونیم نائٹریٹ کا ذخیرہ ہے،اس پرانھوں نے جمعہ کو گودام پر چھاپا مارا ہے۔کھاد کی مالک فرم کا نام تحقیقات کے زیرالتوا ہونے کی وجہ سے عام نہیں کیا گیا ہے۔

کمپنی کے عہدہ دار نے مزید کہاکہ ہم گذشتہ 40 سال سے فیڈاورفرٹیلائزرکی صنعت میں کام کر رہے ہیں۔امونیم نائٹریٹ کو جب ایندھن کے طور پر استعمال ہونے والے تیل کے ساتھ ملایا جاتا ہے تو اس سے تعمیراتی صنعت میں وسیع پیمانے پراستعمال ہونے والا طاقتور دھماکا خیزمواد بن جاتا ہے۔نیزباغی گروپ بھی اس کو بہتر دھماکا خیز مواد کے طورپر استعمال کرتے ہیں۔لبنانی حکام ابھی تک بیروت کی بندرگاہ گذشتہ سال سینکڑوں ٹن کیمیکل مواد کے پھٹنے سے ہونے والے تباہ کن دھماکے کی تحقیقات کررہے ہیں کہ یہ مواد گذشتہ کئی برسوں سے بیروت کی بندرگاہ پرکیوں پڑا ہواتھا۔اس کے زورداردھماکے نے بندرگاہ کے قرب وجوار میں واقع سیکڑوں عمارتوں کوزمین بوس کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :