نیو یارک ٹائمز نے بھی پنجشیر میں پاکستان کی کارروائی سے متعلق رپورٹ غلط قرار دیدی

ویڈیو گیم کی فوٹیج کو پاکستانی ڈرون قرار دینے کی کوشش کی گئی، پنج شیر میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق تمام تر الزامات غلط ہیں۔ امریکی اخبار کی رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 ستمبر 2021 13:50

نیو یارک ٹائمز نے بھی پنجشیر میں پاکستان کی کارروائی سے متعلق رپورٹ ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 ستمبر 2021ء ) امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے بھی پنجشیر میں پاکستان کی کارروائی سے متعلق رپورٹ غلط قرار دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پنج شیر میں پاکستان کی کارروائی سے متعلق رپورٹ غلط ہے ، ویڈیو گیم کی فوٹیج کو پاکستانی ڈرون قرار دینے کی کوشش کی گئی ، درحقیقیت پنج شیر میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق تمام تر الزامات غلط ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنج شیر میں لڑائی ختم ہوچکی ہے ، طالبان وادی پنج شیر میں کافی عرصہ سے فعال تھے ، پنج شیر کے بعض شہریوں نے بھی طالبان کے قبضے میں مدد دی ، پنج شیر کے مختلف علاقوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق علاقے کی اکثر آبادی لڑائی سے قبل ہی علاقہ چھوڑ گئی تھی ، پنج شیر کے مرکز بازارک میں شدید جنگ کے آثار انتہائی کم ہیں ، بعض عمارتوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں مگر بلڈنگ کے اسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا ، طالبان نے احمد شاہ مسعود کے مقبرے کی مرمت کرکے اس کی حفاظت کے لئے جنگجو بھی تعینات کئے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا ، یہی وجہ ہے کہ بھارت پاکستان کے حوالے سے کسی نہ کسی ایسی بات کی تلاش میں ہوتا ہے جس پر وہ پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کر سکے اور عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کر سکے ، ایسی ہی ایک کوشش حال ہی میں بھارت کے ایک سابق فوجی نے بھی کی ، بھارت کے ریٹائرڈ فوجی افسر نےافغانستان کی وادی پنج شیر میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت کا جھوٹا دعویٰ کردیا ، بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈ میجر جنرل نے اپنے پیغام میں دنیا کو یہ بتانے کی کوشش کہ پنجشیر میں جھڑپوں کے دوران پاکستانی فوجی شہید ہوئے ہیں۔