وزیر تعلیم وٹیوٹا دیوان علی خان چغتائی لیپہ ویلی کے علاقہ نوکوٹ پہنچ گئے

وزیر تعلیم و ٹیوٹا نے کلاوڈ برسٹ سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے تمام محکمہ جات کے آفیسران کو موقع پر احکامات جاری کیے

اتوار 19 ستمبر 2021 16:10

جہلم ویلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) وزیر تعلیم وٹیوٹا دیوان علی خان چغتائی لیپہ ویلی کے علاقہ نوکوٹ پہنچ گئے۔ وزیر تعلیم و ٹیوٹا نے کلاوڈ برسٹ سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے تمام محکمہ جات کے آفیسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔ وزیر تعلیم و ٹیوٹا دیوان علی خان چغتائی نے دورہ لیپہ ویلی کے موقع پر نوکوٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی بالادستی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

لوگوں کو ان کے جائز حقوق ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے ۔ سکولوں کے نظام کو بہتربنائیں گے ۔ سکولوں کے اندر تمام ضروریات کو پورا کریں گے ،جہاں سٹاف کی کمی ہے وہاں سٹاف پوراکیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

تمام زیر تعمیرسکولوں کی عمارات کو تعمیر کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ میری خواہش ہے تمام سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب کے نظام کو فعال کیا جائے ۔

ٹریننگ سینٹر قائم کریں گے ۔ ٹیوٹا کی بدولت یوتھ سنٹرزاور ووکیشنل سینٹر قائم کریں گے ۔تما م سکولوں میں بائیومیٹرک نظام کو لاگو کریں گے اور اس میں بہتری لائیںگے۔ ٹھیکہ سسٹم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عہدے اللہ کی امانت ہیں ۔ والد گرامی کے نیک اعمال کی بدولت عوام محبت اور عزت کرتے ہیں ۔ والدہ کی دعاوں سے آج اس مقام پر پہنچا ہوں ۔

وزارت میں رہتے ہوئے ایسے کام کروں گا جس سے عام آدمی کو ثمرات مل سکیں۔ کوالٹی آف ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔اساتذہ کے پاس ایک ہفتہ کا وقت ہے، سو فیصد حاضر ی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم کو بھی واضع بتایا ہے کہ محکمہ تعلیم میں شفافیت کے حوالہ سے کوئی دباو قابل قبول نہیں ہوگا۔ 23ستمبر تک کا وقت ہے ،اپنا قبلہ درست کرلیں ۔

ایک ہفتہ کے بعد کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ کسی کارکن کو اجازت نہیں ہو گی کہ وہ تدریسی معاملات میں مداخلت کرے ۔ آن ڈیوٹی سسٹم کو مکمل طو ر پر ختم کیاجائے گا اور تمام اساتذہ کو حاضر کیا جائے گا۔جو حاضر نہیں ہوگا ،وہ گھر جائے گا، اس میں معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کسی کی سفارش کو نہیں مانا جائے گا۔ اساتذہ میرے لیے قابل احترام ہیں لیکن فرائض کے معاملات میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں کی جائے گی۔

سکولوں میں بچوں کو ٹیکنیکل تعلیم دیں گے تاکہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں ۔ انہوںنے کہا کہ لیپہ میں لکڑی کی انڈسٹری کو بھی فعال کیا جائے گا ، انڈسٹری مالکان کو جائز اجرت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 86000 بچے سکولوں سے باہر ہیں، تعلیمی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو سکولوں میں لانا ہے تاکہ آزادکشمیر میںشرح تعلیم 100 فیصد تک جائے ۔

انہوں نے کہا کہ لیپہ میں ریسکیو کے یونٹ کا قیام بہت ضروری ہے ۔ سٹاف کی کمی اور ریسکیو کی گاڑیوں کی ضروریات کو بھی بہت جلد پورا کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ان تمام معاملات کو حل کریں گے ۔ اس کے لیے تھوڑا وقت درکار ہے۔ انہوںنے کہا کہ ووٹر ہماری عزت اور شان ہیں ان کی وجہ سے ہمیں عزت ملی ہے ۔ بعدازاں وزیر تعلیم و ٹیوٹا دیوان علی چغتائی نے نوکوٹ میں سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والے علاقے کا دورہ کیا اور موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا ۔ بہت جلد تمام متاثرین کو معاوضہ جات کی فراہم کے لیے اقدامات اٹھائے گے۔