جمہوریت کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا،،مرحوم سردار عطا اللہ مینگل نے آئین کی شق اٹھاون ٹو بی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی،میاں شہبازشریف

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ملک بھر سے ن لیگ کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز ہے،عوام نے ووٹ کی طاقت سے نالائقوں کی بدترین کارکردگی کو مسترد کردیا ہے،اخترمینگل سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگواور اجلاس سے خطاب

اتوار 19 ستمبر 2021 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدرقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ جمہوریت کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا،اٹھاون ٹوبی کے تحت کئی جمہوری حکومتوں کے بستر گول کیے گئے تھے،مرحوم سردار عطا اللہ مینگل نے آئین کی شق اٹھاون ٹو بی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی، ان کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اتوارکومسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ۔کراچی میں میاں محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ سردار اختر مینگل کے گھر پہنچے اور مرحوم سردار عطا اللہ مینگل کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدرشہباز شریف نے کہاکہ مرحوم سردار عطا اللہ مینگل نے آئین کی شق اٹھاون ٹوبی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی، ان کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ سردار عطا اللہ مینگل کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لیے خدمات ہیں، تاریخ انھیں یاد رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف اور عطا اللہ مینگل کا اچھا تعلق رہا ہے، انہوں نے آئین میں شق 58 ٹوبی جس نے کئی جمہوری حکومتوں کو گھر بھیج تھا اس کے خلاف بڑھ چڑھ کر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کا احترام کرنا ہوگا عوام کو ان کے وسائل پہنچانے ہوں گے، بلوچستان جغرافیہ کے حساب سے بڑا اور آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے۔

قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کے لیے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔اس موقع پر سردار اختر مینگل نے کہا کہ اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے سب کا مشکور ہوں ہمارے غم میں شریک ہوئے۔ قبل ازیں مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر لاہور سے کراچی پہنچے،کراچی ایئر پورٹ پر میاں شہباز شریف کا استقبال بڑی تعداد میں مسلم لیگ(ن) کے رہنماں اور کارکنوں نے کیا۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی صدر شہباز شریف،مریم اورنگزیب ،خواجہ سعد رفیق ،ملک احمد خان ،رانا مشہود ،احسن اقبال اورعطاء تارڑ نے مقامی ہوٹل میں کراچی ڈویژن کی تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کی،ملاقات میں مفتاع اسماعیل سابق گورنر محمد زبیر،سلمان خان،عصمت محسود،علی اکبر گجر جبکہ لیبر ونگ کراچی کے صدر اخلاق ہاشمی دیگرشریک تھے۔

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں سے بھی ملاقات کی،اس موقع پرشہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف نے سندھ میں پارٹی آرگنائزکرنے کی ہدایت کی ہے،جس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام عہدیدار اپنے دل صاف کریں ،ایک دوسرے کو گلے لگائیں۔مسلم لیگ(ن)متحد ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں کامیابی پر پارٹی رہنمائوں کو مبارکباد دی اورکہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ملک بھر سے ن لیگ کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز ہے،عوام نے ووٹ کی طاقت سے نالائقوں کی بدترین کارکردگی کو مسترد کردیاہے،مہنگائی میں پسے عوام نے بے روزگاری اور معاشی تباہی کے مجرموں کو مسترد کردیاہے،کراچی کے ذمہ داران نے جس محنت اور نظریاتی وابستگی سے مل کر کام کیا، وہ قابل تحسین ہے، جہاں ہمیں ذمہ داری ملی ہے، مسائل کے حل اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اختلافی امورپر ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو فیصلہ کرے گی کمیٹی احسن اقبال کی صدارت میں کام کرے گی خواجہ سعد رفیق کوممبرکے طورپر شامل کیا گیا ہے،جوبھی قصور وارہوگا انہیں نہیں چھوڑیں گے۔