سعودیہ میں خواتین کو ہراساں کرنے والے پکڑے گئے، کئی دیگر ملزم بھی گرفتار

ریاض کی ایک رہائشی کالونی سے 2 لڑکیوں کو گاڑی کی ٹکر مار کر فرار ہونے والا ملزم گرفتار، ایک ملزم کو مرکزی شاہراہ پر خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزمان کی شناخت ویڈیو سے کی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 ستمبر 2021 11:16

سعودیہ میں خواتین کو ہراساں کرنے والے پکڑے گئے، کئی دیگر ملزم بھی گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں خواتین کو ہراساں کرنے والے پکڑے گئے، کئی دیگر ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودیہ میں ہراسانی سمیت مختلف جرائم میں ملوث 22 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ، ان میں ریاض کی ایک رہائشی کالونی سے دو لڑکیوں کو گاڑی کی ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ایک دوسرے ملزم کو مرکزی شاہراہ پر خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ، ملزم کی شناخت ویڈیو کی مدد سے کی گئی ، ایک شامی کو جنسی ہراسانی کے اشاروں پر مبنی ویڈیو نشر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔


سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 10 ملزمان کو اقامہ کے قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ، ان ملزمان پر زیرتعمیر عمارت سے سامان چوری کرنے کا بھی الزم عاید کیا گیا ہے اس کے علاوہ یمن سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کو غیر قانونی طریقے سے رقوم جمع کرنے اور سرحدی سیکیورٹی سسٹم کی خلاف ورزی پر پکڑے گئے جن کے قبضے سے 5 لاکھ 48 ہزار270 ریال کی رقم بھی قبضے میں لی گئی جب کہ ایک ملزم 4 افراد کو آگ لگانے کے الزام میں پکڑا گیا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 9 ستمبر سے 15 ستمبر تک غیر قانونی طور پر مقیم 16 ہزار 466 تارکین کو گرفتار کیا گیا ، جن میں 6470 افراد ایسے تھے جنہوں نے اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی ، گرفتار شدگان میں سے 8182 افراد ایسے ہیں جن کی طرف سے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی جب کہ گرفتار کیے گئے 1814 افراد سعودی عرب میں نافذ لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتک پائے گئے اس کے علاوہ 304 ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جو سرحدوں میں ملوث تھے۔