مشرف، زرداری اور گیلانی کیخلاف سماعت کرنے والا عدالتی بینچ ازخود تحلیل

پیر 20 ستمبر 2021 12:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف، آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کے خلاف دس سال پرانے مقدمات پر چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں سماعت کرنے والا فل بینچ بغیر کارروائی تحلیل ہوگیا۔بینچ کے رکن جسٹس شہزاد ملک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کرلی جس کے باعث فل بینچ تحلیل ہوگیا۔

دوسری جانب تینوں شخصیات کے خلاف مقدمات درج کروانے والے درخواست گزار وکلا شاہد نسیم، رانا علم الدین ، اللہ بخش گوندل بھی اب دنیا میں نہیں رہے۔

(جاری ہے)

عدالتِ عالیہ میں درخواست گزار رانا علم الدین نے پرویز مشرف کے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور آصف زرداری کے 2 عہدے رکھنے سے متعلق درخواست دائر کررکھی تھی۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے وکیل شاہد گوندل اور اللہ بخش نے درخواستیں دائر کی تھیں۔خیال رہے کہ تینوں شخصیات کے خلاف زیرالتوا کیسز کی سماعت کیلئے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دو روز قبل ہی تشکیل دیا تھا۔تین رکنی فل بنچ میں چیف جسٹس امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شجاعت علی خان بھی شامل ہیں۔