سکھر ؛ روہڑی کے قریب ٹرین حادثہ‘ بوگی پٹری سے اتر گئی

مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترنے کی وجہ سے ٹریک بلاک ، مختلف مسافر ریل گاڑیوں کو روک دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 ستمبر 2021 13:34

سکھر ؛ روہڑی کے قریب ٹرین حادثہ‘ بوگی پٹری سے اتر گئی
سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 ستمبر 2021ء ) صوبہ سندھ میں سکھر روہڑی کے قریب مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اتر گئی۔ تفصیلات کے مطابق بوگی پٹری سے اترنے کی وجہ سے ڈاؤن ٹریک بلاک ہوگیا ، بوگی پٹری سے اترنے کی جگہ پر پٹری کو نقصان پہنچا ہے ، جس کی وجہ سے مختلف مسافر ریل گاڑیوں کو روک دیا گیا تاہم آخری خبریں آنے تک ریلوے ٹریک بحال کرنے کے لیے کام شروع ہو نہ سکا۔

خیال رہے کہ پاکستان ریلوے میں آئے روز حادثات معمول بنتے جارہے ہیں رواں ماہ 3ستمبر کو بھی ایک حادثہ پیش آیا جہاں کراچی سے ساہیوال آنے والی کارگو ٹرین کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ، ساہیوال آنے والی کارگو ٹرین کی 5 بوگیاں روہڑی اور پنوعاقل کے درمیان اسٹیشن منڈو ڈیرو کے قریب پٹری سے اتریں ، جس کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہوگئی ، مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سےاترنے کے باعث قراقرم ، پاکستان ایکسپریس اوردیگرٹرینوں کو روہڑی اسٹیشن روک لیا گیا ، ٹریک کو بحال کرنے کے لئے امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل صوبہ سندھ کے شہر نواب شاہ کے قریب پاکستان ریلوے کی مال گاڑی کے آئل ٹینکر سے لاکھوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر تیل بہہ گیا ، تیل رسنے سے ریلوے ٹریک متاثر ہوا جس کے بعد ریلوے حکام نے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کردی ، پاکستان ریلوے کی مال گاڑی کراچی سے ملتان جا رہی تھی جس میں ہزاروں لیٹر فرنس آئل موجود تھا تاہم سفر کے دوران نوابشاہ کے قریب مال گاڑی کے آئل ٹینکر کے جوائنٹ کھل گئے ، جس پر ٹرین ڈرائیور ، اسسٹنٹ ڈرائیور ، گارڈ اور اسٹیشن کے عملے نے بہتے تیل کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ناکام رہے اور تقریباً تین گھنٹوں میں آئل ٹینکر سے سارا تیل بہہ گیا ، تیل کی مالیت 50 سے 60 لاکھ روپے کے درمیان بتائی گئی ہے۔