قومی زبان اردو کے نفاذ کیلئے توہین عدالت کی درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت نوٹس جاری

پیر 20 ستمبر 2021 14:00

قومی زبان اردو کے نفاذ کیلئے توہین عدالت کی درخواست پر وفاقی اور پنجاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) سپریم کورٹ نے قومی زبان اردو کے نفاذ کیلئے توہین عدالت کی درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت نوٹس جاری کر دیئے۔قائمقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ہمادری اور قومی زبان کے بغیر ہم اپنی شناخت کھو دیں گے۔ قائمقام چیف جسٹس نے کہاکہ میری رائے میں ہمیں اپنے بزرگوں کی طرح فارسی اور عربی زبانیں بھی سیکھنی چاہیں،آئین کے آرٹیکل251 میں قومی زبان کے ساتھ مادری زبان کا ذکر بھی ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے 2015 میں اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت اردو کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کرنے میں ناکام رہی،سپریم کورٹ نے پنجابی زبان کو صوبے میں رائج نا کرنے پر صوبائی حکومت سے بھی جواب طلب کر لیا۔ بعد ازاں بعد ازاں کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی گئی۔وکیل کوکب اقبال نے اردو زبان کو رائج نا کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے،شہری ڈاکٹر سمیع نے پنجابی زبان رائج نا کرنے پر پنجاب حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔