امریکا اور چین باہمی تعلقات بہتر کریں ورنہ یہ نئی سرد جنگ کا آغاز ہوگا،اقوام متحدہ

پیر 20 ستمبر 2021 14:08

امریکا اور چین باہمی تعلقات بہتر کریں ورنہ یہ نئی سرد جنگ کا آغاز ہوگا،اقوام ..
اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2021ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ  امریکا اور چین باہمی  تعلقات   بہتر  کریں، ایسانہ کیا گیا تو ممکنہ طور پر ایک  نئی سرد جنگ کا آغاز ہوگا ۔ امریکی نیوز ایجنسی  کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے عالمی رہنماؤں کے سالانہ اجتماع سے قبل ایسوسی ایٹڈ پریس سے  بات کرتے ہوؕؕئے کہاکہ امریکا اور چین مکمل طور پر اپنے  تعلقات  کو ٹھیک کریں  اس سے پہلے کہ دونوں بااثر  ممالک کے مسائل  دوسرے  ممالک پر  اثر انداز ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں  نے انتباہ  کیا کہ اگر امریکا اور چین اپنے تعلقات  ٹھیک نہیں کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر ایک  نئی سرد جنگ کا آغاز ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں کو ماحولیات پر تعاون اور تجارت و ٹیکنالوجی پر زیادہ مضبوطی سے بات چیت کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں انسانی حقوق ، معاشیات ، آن لائن سیکورٹی اور جنوبی بحیرہ چین میں خود مختاری کے تنازعات کے بارے میں مل کر کام کرنا چاہیے لیکن بد قسمتی سے دونوں ممالک کے درمیان محاذآرائی کی فضا قائم ہے ۔  انہوں نے  کہاکہ دونو٘ ں طاقتوں کے درمیان  فعال تعلقات  کو  دوبارہ قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔