شہریار آفریدی کو نیویارک کے ائیرپورٹ پر روکنے کی افواہیں، وزارت خارجہ کا بھی ردِعمل آ گیا

شہریار آفریدی کو سکریننگ کے لیے نیویارک کے جے ایف کے ائیرپورٹ پر مختصر وقت کے لیے روکا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ترجمان وزارت خارجہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 ستمبر 2021 14:10

شہریار آفریدی کو نیویارک کے ائیرپورٹ پر روکنے کی افواہیں، وزارت خارجہ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 ستمبر 2021ء) قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار آفریدی کو نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائرپورٹ پہنچنے پر کڑی تفتیش کا سامنا کرنے کی افواہوں پر وزارت خارجہ کا ردِعمل بھی سامنے آیا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ بیان میں کہا گیا کہ شہریار آفریدی کو سکریننگ کے لیے نیویارک کے جے ایف کے ائیرپورٹ پر مختصر وقت کے لیے روکا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی،وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں وضاحت کی کہ شہریار آفریدی کو سکریننگ کے لیے نیویارک ائیرپورٹ پر مختصر وقت کے لیے روکا گیا تھا لیکن معمول کے مطابق کارروائی کے بعد انہیں داخلے کی اجازت دی گئی۔

خیال رہے کہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے نیویارک پہنچے ہیں ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی سے متعلق سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ انہیں اسکریننگ کیلئے نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر مختصر وقت کے لیے روکا گیا ، ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جاتی رہی تاہم نیویارک میں موجود پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ان کی دستاویزات کی تصدیق کے بعد انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔

امریکہ میں نیویارک ایئرپورٹ پر تلاشی کی خبروں پر شہر یار آفریدی کا موقف آگیا تھا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ نیویارک ایئرپورٹ پر تلاشی کی افواہیں جھوٹی خبریں ہیں ، ایئرپورٹ پر جو وقت لگا وہ روٹین ہے کیوں کہ ہر ملک کے رولز اینڈ ریگولیشن ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ، کشمیر کاز کو اجاگر کرنے آیا ہوں ، میرے مشن سے دشمن عناصر خائف ہیں ، اسی لیے پاکستان دشمن عناصر فیک نیوز پروموٹ کر رہے ہیں لیکن جھوٹی خبروں سے کچھ نہیں ہونا ہے۔