بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں مرکزی یونیورسٹی مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح

پیر 20 ستمبر 2021 15:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2021ء) :پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان  نے کہا ہے کہ مرکزی یونیورسٹی مینجمنٹ سسٹم  نہ صرف یونیورسٹی ملازمین اور طلبہ کے کام کا بوجھ کم کرے گا بلکہ ہموار مواصلات اور ڈیٹا سیکورٹی کے ساتھ ان کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا، مینجمنٹ سسٹم اساتذہ اور طلبا  کو اپنے روز مرہ کے کاموں کو سر انجام دینے مثلاً طلبہ کے اندراج، داخلے، طلباء کے ریکارڈ، فیکلٹی، حاضری، فیس، اسائنمنٹس، امتحانات اور مارک شیٹ وغیرہ کے لیے بااختیار بنائے گا۔

  ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونیورسٹی میں مرکزی یونیورسٹی مینجمنٹ سسٹم کاافتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ یونیورسٹی کا این آئی ٹی ایس سی ڈیپارٹمنٹ کئی مہینوں سے اس سسٹم کو بنانے پر کام کر رہا تھا جو کہ یونیورسٹی کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کرتا ہے اور استعمال کرنے میں بہت سادہ اور آسان ہے۔

(جاری ہے)

این آئی ٹی ایس سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر قمرالزمان نے تاکید کی کہ ان کی ذمہ داری یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ ان کا اصل کام یہاں سے شروع ہوتا ہے۔

کیونکہ انہیں سٹاف اور طلبا کو اس سسٹم کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کی روزمرہ کی آراء کے مطابق سسٹم کو اپ ڈیٹ بھی کرتے رہنا ہے۔ جس سے نہ صرف سسٹم میں موجود خامیاں دور ہوں گی بلکہ استعمال کرنے والوں کی دلچسپی بھی قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئی ٹی سسٹم یونیورسٹی کے تمام بڑے شعبوں اور اداروں کے ساتھ جڑے ہونے کی وجہ سے یہ ادارے کے تمام منتظمین، ماہرینِ تعلیم اور ریسرچ سکالرز کے لیے ایک شفاف، محفوظ اور وسیع پیپر لیس سسٹم کی سہولت فراہم کرے گا۔

ندیم احمد ملک، ڈائریکٹر این آئی ٹی ایس سی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے یونیورسٹی کے روایتی نظام کو جدید آٹومیٹک کرنے کا اقدام اٹھایا اور این آئی ٹی ایس سی کو ان اہم امور کی ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے سسٹم کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نظام یونیورسٹی کو موجودہ اور مستقبل کے مسائل پر قابو پانے کے لیے جدید ذرائع فراہم کرے گااور یونیورسٹی انتظامیہ کو تیزی سے معلومات جمع کرنے، پروسیس کرنے، سمجھنے اور دستاویز کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یو ایم ایس فیکلٹی، انتظامیہ اور طلباء کے لیے وقت کے بچائو کا نظام ہے جو بروقت فیصلہ سازی کے لیے انتظامیہ کی مدد بھی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی ایس سی کا شعبہ آئی ٹی پر مبنی حل فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے جس سے نہ صرف بہتر تعلیمی نظام کا مقصد حاصل ہو پائے گا بلکہ ملازمین اور طلبا کو ان کے معمول کے کام میں مدد بھی ملے گی۔

متعلقہ عنوان :