مسلم لیگ ن میں دو بیانیئے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا اختلاف ہے، شہبازشریف

شفاف الیکشن مانگنا مفاہمت یا مزاحمت نہیں بلکہ ہمارا حق ہے، مہنگائی اور بڑھتی بے روزگاری کے باعث عوام نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا۔ صدر اور قائد حزب اختلاف کا پارٹی اجلاس میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 ستمبر 2021 17:20

مسلم لیگ ن میں دو بیانیئے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا اختلاف ہے، شہبازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں دو بیانیئے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا اختلاف ہے، شفاف الیکشن مانگنا مفاہمت یا مزاحمت نہیں بلکہ ہمارا حق ہے، مہنگائی اور بڑھتی بے روزگاری کے باعث عوام نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ڈویژن کی میٹینگ قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف  اور صدر میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔

اجلاس میں احسن اقبال ، رانا ثنا اللہ، خواجہ محمد آصف، اویس لغاری اور دیگر سینئیر رہنما شریک  ہوئے۔ اجلاس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز نے لاہور سے آن لائن شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدر شہبازشریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں پارٹی کو عوامی خدمت کے باعث کامیابی ملی، مہنگائی اور بڑھتی بے روزگاری کے باعث عوام نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں دو بیانیئے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا اختلاف ہے،شفاف الیکشن مانگنا مفاہمت یا مزاحمت نہیں بلکہ ہمارا حق ہے،ریاست کے دوام کیلئے فری اینڈ فیئر الیکشن کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف نے کہا کہ 3سال کے ناکام تجربے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، ہماری معیشت، کلچر اور ثقافت کی بربادی کرکے رکھ دی گئی، کنٹونمنٹ الیکشن سب سے بڑی عوامی سطح پر حکومت پر عدم اعتماد تھا، کنٹورنمنٹ بورڈز الیکشن کسی بھی سروے سے بڑا سروے ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب تاریخی ناکامیوں ، کرپشن اور عوامی مایوسی کو اداروں اورمیڈیا پر حملوں سے چھپانا چاہتے ہیں ، سب تماشہ عوام کے اصل مسائل ، عمران صاحب کی چوری ، نااہلی ، نالائقی سے نظر ہٹانے کے لئے کیا جاتا ہے، تاریخی مہنگائی، بے روزگاری، ملکی وغیرملکی قرضوں کا بوجھ عمران صاحب کے گلے کا ڈھول بن چکا ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے کیونکہ وزیراعظم چور ہے، میڈیا اور اپوزیشن یہ بات نہ کریں اس لئے کالے قانون بنائے جارہے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں سے عمران صاحب کو کوئی ہمدردی نہیں،وہ ان کی آڑ میں اپنی ناکامیاں چھپانا چاہتے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے لئے نہیں بلکہ عمران صاحب اپنی اورساتھیوں کی لوٹ کھسوٹ کے لئے فکرمند ہیں، بجلی بلوں کےذریعے ظالمانہ ٹیکسوں کی وصولی کے لئے صدر کا انگوٹھا لگوایا گیا۔