عالمی برادری مقبوضہ جموںوکشمیر میں جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ بنائے‘اعجاز الحق

پیر 20 ستمبر 2021 18:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے جاری جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ بنائے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر پولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ کے وائس چیئرمین اعجاز الحق اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصعب، مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، جموں و کشمیر مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ اور حال ہی میں رہا ہونے والے مسلم لیگ کے رہنما فاروق احمد توحیدی بانڈی پورہ میں تحریک حریت کے رہنما امیر حمزہ سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر گئے اوران کی مرحوم اہلیہ کے لئے مغفرت کی دعا کی جو چندماہ پہلے انتقال کرگئی تھی جب امیر حمزہ غیر قانونی طور پرنظربند تھے۔

(جاری ہے)

امیر حمزہ اور فاروق احمد توحیدی کو حال ہی میں غیر قانونی نظربندی سے رہا کیاگیا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے اس موقع پر بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مختلف جیلوں میں نظربند تمام حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کو رہا کرے۔ انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم وبربریت کے باوجود جدوجہد آزادی کوجاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے مقبوضہ جموںو کشمیرکی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے جموں و کشمیر میں لاک ڈائون اور فوجی محاصرے کے علاوہ بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوںکو پولیس سٹیشنوں میں پوچھ گچھ اور ہراساں کیا جارہا ہے اور غیر قانونی طور پر نظربند کیاجارہا ہے۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی حکومت اب کھلے عام جموں و کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ آگے آئے اورتنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔