پنگریو : ممتا معذور ٹریننگ سنٹر کے بانی ولی محمد کشمیری انتقال کرگئے

پیر 20 ستمبر 2021 18:55

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) ضلع بدین میں ایدھی کے طورپرمشہور سماجی کارکن غریب اتحاد یونین رجسٹرڈ ماتلی کے سرپرست اعلی اور ممتا معذور ٹریننگ سنٹر کے بانی ولی محمد کشمیری انتقال کرگئے ۔مرحوم کی زندگی کا بیشتر حصہ فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں گزرا اور انہوں نے بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کی ۔اپنا ذاتی مکان فروخت کرکے برسوں پہلے ماتلی شہر میں ضلع ٹنڈو محمد خان کی رونیو حدود میں بدین روڈ پر ریلوے پھاٹک کے ساتھ تقریبا پندرہ ہزار اسکوائر فٹ کمرشل پلاٹ خریدا ۔

جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔انہوں نے ان پڑھ ہوتے ہوئے کی نظمیں اور گیت تخلیق کیے ۔اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اپنے اکلوتے معذور بیٹے اور ان جیسے درجنوں خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کے لیے طویل جدوجہد کی انہوں نے سابق صدر اور چیف ایگزیکٹیو پاکستان جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو خطوط بھیج کر تقریبا پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے ممتا معذور سینٹر کی دو منزلہ عمارت تعمیر کروائی ۔

(جاری ہے)

جس کے لیے سابق ڈپٹی کمشنر بدین اور موجودہ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے ان سے بھرپور تعاون کیااورسابق ڈی سی او بدین آفتاب احمد کھتری نے پلاٹ ضلع ٹنڈو محمد خان کی حدود میں ہونے کے سبب ذاتی دلچسپی لے کر اس وقت کے ڈی سی او ٹنڈو محمد خان امیر علی بیہن مرحوم کو بھرپور سفارش کی ۔جنہوں نے مرحوم سابق ضلع ناظم ٹندومحمد خان میر عنایت علی خان تالپور کو عمارت کی تعمیر کے لئے رضامند کیااور ضلعی حکومت ٹنڈو محمد خان نے سابق صدر پرویز مشرف اور سابق چیف سیکرٹری سندھ محمد اسلم سنجرانی کی ہدایت پر ابتدائی طور پر منصوبے کے لیے دو کروڑ روپے منظور کیے بعد ازاں اس سینٹر کو دو منزلہ کرنے کے لئے مزید ڈھائی کروڑ روپے جاری کر دیئے ۔

تقریبا پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ڈبل اسٹوری سینٹر میں 32 کمرے اور تین بڑے حال ہیں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ صاحب کی کوشش سے موجودہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے اس بلڈنگ میں پاکستان بیت المال کے تعاون سے یتیم خانہ منظور کروا لیا ۔جس میں اس وقت بھی پاکستان بیت المال کے تعاون سے ایک این جی او کی زیر سرپرستی یتیم خانہ چل رھا ھیجہاں بچوں کو تعلیم تربیت رہائش اور خوراک مفت فراہم کی جاتی ہے ۔مرحوم کی مذکورہ کوشش کے علاوہ انسانیت کی خدمت کے لیے دیگر سروسز کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کے انتقال پرمختلف مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افرادنے افسوس کااظہارکرتے ہوِئے مرحوم کی فلاحی خدمات پرانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے