بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت مٹانے کی کوشش کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول کے بالکل برعکس ہے، حریت کانفرنس

پیر 20 ستمبر 2021 18:59

سرینگر ۔20ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2021ء) :غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے ہندوتوا کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے اہم اداروں اور سڑکوں کو مقبوضہ علاقے میں ہلاک ہونے والے بھارتی پولیس ، فوج اور پیراملٹری فورسز اہلکاروں اورسیاستدانوں  کے ناموں سے منسوب کرنا شروع کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس اور حریت تنظیموں نے آج سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں اس اقدام کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت ، ثقافت اور تہذیب کو مٹانے کی ایک کوشش قرار دیا۔ انہوں نے یہ بات مقبوضہ جموںوکشمیر کے گورنر منوج سنہا کے اس اعلان کے ردعمل میں کہی کہ اداروں اور سڑکوں کے ناموں کی تبدیلی کا عمل رواں ماہ 30 ستمبر سے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

حریت رہنما ئوںشبیر احمد ڈار ، فاروق احمد توحیدی ، عبدالاحد پرہ ، اعجاز الحق ،ڈاکٹر مصعب اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کو جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل کرنے سے روکے۔ بھارتی پولیس نے مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری اسد اللہ پرے کو ضلع بانڈی پور کے علاقے حاجن سے گرفتار کرلیا۔

دریں اثناء پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں میں پارٹی کے ایک اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال معمول کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے طالبان ، افغانستان اور پاکستان کا نام استعمال کرے گی۔ ادھر امریکہ کے معروف بزنس میگزین فوربز نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے جاسوسی کی غرض سے چین اور پاکستان میں سرکاری اور ٹیلی مواصلات کی کمپنیوں کے مائیکرو سافٹ ونڈوز پی سی کونشانہ بنانے کیلئے ایک امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے سافٹ ویئر کا غلط استعمال کیا ہے ۔

آسام کے وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما نے بھارتی ریاست کو جموں وکشمیر جیسی مسلم اکثریتی ریاست بننے سے روکنے کے نام پر راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ سے وابستہ ہندو انتہا پسندوں سے کہاہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں بھارتی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ یہ جھڑپیں 28 راشٹریہ رائفلز اور روڈ اوپننگ پارٹی کے اہلکاروں کے درمیان ہوئیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فورسز کی طر ف سے جاری مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے لندن میں ایک پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ برطانوی دارلعوام میںغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں کے بارے میں 23ستمبرکو بحث ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ بحث میں بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کی جبری تدفین ، محمد اشرف صحرائی کے دوران حراست قتل ، جعلی مقابلوں ، میڈیا پر قدغن اور ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظری کو بے نقاب کیاجائے گا۔