پی ٹی آئی کی حقیقت عوام پر آشکار ہوچکی ہے، آپ نے گھبرانا نہیں کا ناٹک مزید نہیں چلے گا، ثمر ہارون بلور

موجودہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا ملبہ پچھلی حکومتوں پر ڈال کر ذمہ داریوں سے بھاگ نہیں سکتی،حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری کے ہوشربا طوفان سے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،ترجمان عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا

پیر 20 ستمبر 2021 23:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے پی ٹی آئی کی حقیقت عوام پر آشکارا ہوچکی ہے، آپ نے گھبرانا نہیں کا ناٹک مزید نہیں چلے گا۔ موجودہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا ملبہ پچھلی حکومتوں پر ڈال کر ذمہ داریوں سے بھاگ نہیں سکتی۔ عوام باشعور ہوچکے ہیں اور مزید تبدیلی کے جھوٹے ڈراموں میں آنے والے نہیں۔

مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف اے این پی کیکامیاب احتجاجی مظاہروں نے حکومت کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔صوبائی مشیر کامران بنگش کی جانب سے مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاجوں کو نمک پاشی قرار دینے کے بیان پر اے این پی کی صوبا ئی ترجمان ثمر ہارون بلور نے رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کے وزراء اور مشیر اپنی حکومت کی ناکام پالیسیوں کو اپوزیشن جماعتوں کے سر تھوپنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

زمینی حقائق سب کے سامنے ہیں لیکن اپنے کرسی بچانے کے چکر میں دیدہ دلیری سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ نیب سمیت تمام تحقیقاتی ادارے حکومت کے ماتحت ہیں اے این پی کے کسی ایک فرد پر ایک آنے کی کرپشن ثابت کرکے دکھا دیں۔ کرپشن کاطعنہ دینے والوں کی اپنی حالت یہ ہے کہ احتساب کمیشن نے جب حکومتی وزراء اور اراکین کو کرپشن میں ملوث پایا تو کارروائی کرنے کی بجائے صوبائی حکومت نے احتساب کمیشن کو ہی ختم کردیا۔

بی آر ٹی میں غبن، مالم جبہ اراضی سکینڈل، بلین ٹری سونامی اور پی ڈی اے میں خرد برد کے خلاف نیب نے جب کارروائی کرنی چاہی تو حکومت نے سپریم کورٹ سے تحقیقات روکنے کیلئے رجوع کیا۔ انہوں نے مزید کہا حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری کے ہوشربا طوفان سے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کررہا ہے۔

جو چینی 74 سال میں 70 روپے فی کلو تھی ایمانداروں کی حکومت میں 115 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ آٹا 35 روپے سے 70 روپے فی کلو جبکہ گھی 170 روپے سے 345 روپے فی کلو کا ہوگیا ہے۔اقتدار میں آنیسے قبل وزیراعظم کہتے تھے کہ جب پٹرول کی قیمت میں اضافے کا مطلب ہے کہ وزیر اعظم چور ہے آج صورتحال یہ ہے کہ مہینے میں دو دفعہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل کچکول توڑنے والے نے محض تین سال میں قرضل لینے کا ریکارڈ قائم کردیا۔ عوام تبدیلی کے دعویداروں کی اصلیت جان چکی ہے۔ سب اچھا ہے کا کیپسول مزید کام نہیں کرے گا۔ حکومت اپنی ناکامی تسلیم کرلے اور عوام سے معافی مانگ کر ان کی جان چھوڑ دے۔ عوامی نیشنل پارٹی حکومت نااہلیوں کا پردہ چاک کرنے سے کبھی گریز نہیں کرے گی۔ اے این پی مظلوم عوام کی آواز ہے اوراس صوبے کے حقوق اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔