کراچی، القادر فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں،میاں ناصرحیات

پیر 20 ستمبر 2021 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی)کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے کہا ہے کہ القادر فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں۔فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کی تربیت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے القادر ویلفیئر فانڈیشن کے تحت ایمیزون ٹریننگ پروگرام کے پہلے بیچ برائے مرد حضرات کے انٹری ٹیسٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے چیئرمین آباد فیاض الیاس ،فاؤنڈیشن کے چیئرمین غلام ہاشم نورانی ،صدرمیمن فیڈریشن کے حنیف موٹلانی اور حسنین پردیسی نے بھی خطاب کیا جبکہ اشرف گریس ،الطاف طائی ،ظفر معمار ،عبدالرشید نورانی ،عبدالقادر بھولو ،بشیر جاگیرانی اور ڈاکٹرعارف رزاق نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر القادر فاؤنڈیشن کے مینجنگ بورڈ کے ممبران عامر اقبال مدنی رضا ،عبدالصمد بڈھانی ،خرم عبدالرزاق ،اشفاق موتی والا ،روفی صدیق اور دیگر بھی موجود تھے۔

القادرویلفیئرفائونڈیشن کے تحت ایمازان ٹریننگ پروگرام کے لیے ٹیسٹ کے ذریعے ایک ہزار طالب علموں کو منتخب کیا جائے گا ،جن کے ذریعے انہیں ملازمتوں کے مواقع حاصل ہوںگے۔میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ ملک میں تعمیری سرگرمیوں اور غربت کے خاتمے کے لیے فلاحی اداروں کی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں۔آج اس تقریب میں آکر مجھے انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے۔

القادر فاؤنڈیشن نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے جو پروگرام شروع کیا ہے اس سے ملک میںبے روزگار ی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور اس پروگرام سے تربیت حاصل کرکے نوجوان باعزت روزگار حاصل کرسکیںگے۔غلام ہاشم نورانی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو حکومتی سطح پر سراہے جانے کی ضرورت ہے۔آباد کے چیئرمین فیاض الیاس نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا 54فیصد ہیں اور یہی ہمارا اثاثہ ہیں۔

نوجوانوں کی بہترین تربیت کریں گے تومستقبل کے لیئے مضبوط ہو کرابھریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہمیں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیناچاہیے۔میمن فیڈریشن کے صدر حنیف موٹلانی نے کہا کہ کورونا وائرس نے جس طرح پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اس کے بعد دنیا کو معمول کی طرف لانے کے لیے انتھک محنت کی ضرورت ہے۔اس وبا کی وجہ سے پوری دنیا میں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ آنے والادور آئی ٹی کا ہے اور اگر کسی قوم کو ترقی کرنی ہے تو اس کے لیے نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔القادر فاؤنڈیشن کی جانب سے اس بڑے پیمانے پرنوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرکے نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔القادر فاؤنڈیشن کے چیئرمین غلام ہاشم نورانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایمازان پروگرام تین مرحلوں پرمشتمل ہے۔

ٹیسٹ کے زریعے مجموعی طورپر1ہزارطالب علموں کومنتخب کیاجائیگا۔پروگرام کامقصدطالب علموں کے مستقبل کوروشن بناناہے۔پروگرام کے زریعے نوجوانوں کے لیئے ملازمتوں کے لیئے مواقع حاصل ہوں گے۔آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔باعزت روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ای کامرس کے میدان میں ترقی کے زیادہ مواقع موجود ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ تربیت حاصل کرنے کے بعد نوجوان 3سے 4ہزار ڈالر ماہانہ کمانے کے قابل ہوسکیںگے اور ملک کو خطیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوسکے گا۔غلام ہاشم نورانی نے کہا کہ القادر ویلفیئر فانڈیشن 11 مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے فاؤنڈیشن کی جانب سے ہزاروں افراد کی کورونا ویکسی نیشن کی گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر قائم دستر خوانوں پر غریب اور مستحق افراد کو کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے۔