عوامی حقوق کے حصول کیلئے ق لیگ پر اعتماد خوش آئند ہے،طارق حسن

کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،جمیل خان/صادق شیخ/سید مشرف

پیر 20 ستمبر 2021 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ق)سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے مسائل مسلم لیگ(ق)عوامی قوت سے حل کرے گی اب ہمیں حقوق کے حصول کیلئے بیدار ہوکر اتحاد و یکجہتی کے ذریعے مسلم لیگ(ق) کے پرچم کو تھام کرجدوجہد کرنا ہوگی۔مسلم لیگ(ق)میں جوق در جوق نوجوانوں کی شمولیت اس بات کی غمازی ہے کہ اب عوام کا بھروسہ و اعتماد صرف و صرف مسلم لیگ(ق) کے قائد چوہدری شجاعت حسین پر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ق) سندھ کے سیکرٹریٹ میں فنکشنل لیگ عزیز آباد بنگوریہ گوٹھ سے سبحان علی برفت،فرقان علی،شہباز،اعجاز بلوچ،قاضی احسن،عبدالرئوف اور دیگر کی کثیر تعداد میں مسلم لیگ(ق)میں شمولیت کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری محمد صادق شیخ نے کہا کہ پاکستان بنانے والی جماعت ہی عوام کے حقوق دلائے گی اور کراچی کی تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے عوامی جدوجہد نوجوانوں کے ساتھ مل جل کر کررہے ہیں۔

مسلم لیگ(ق)کراچی کمیٹی کے رکن محمد جمیل احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ق)میں مختلف پارٹیوں کے کارکنوں کی شمولیت خوش آئند ہے کیونکہ مسلم لیگ (ق) واحد قومی جماعت ہے جو عوام کے مسائل بلاتفریق حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔مسلم لیگ اسپورٹسں ونگ سندھ کے صدر سید مشرف علی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق)امید کی کرن ہے جو سندھ کے صدر سابق ڈپٹی میئر طارق حسن کی قیادت عوامی حقوق اور بنیادی مسائل حل کرکے دیکھائیں گے اس موقع پر سینئر رہنما ضمیر عثمانی،یوتھ ونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری سلطان بھٹی،مہین ملک،کامران شیخ،راشد محمود،منصور رضی،بابر شبیر، سلیم گل،اعجاز علی حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا