2 دن کی مندی کے بعد ڈالر پھر بے لگام ہو گیا

نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کی قدر میں دوبارہ بڑی گراوٹ، امریکی کرنسی کی قیمت پھر سے 169 کی سطح عبور کر گئی

muhammad ali محمد علی پیر 20 ستمبر 2021 19:51

2 دن کی مندی کے بعد ڈالر پھر بے لگام ہو گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2021ء) 2 دن کی مندی کے بعد ڈالر پھر بے لگام ہو گیا، نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کی قدر میں دوبارہ بڑی گراوٹ، امریکی کرنسی کی قیمت پھر سے 169 کی سطح عبور کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری دو ایام میں ایک روپے سے زائد کی گراوٹ کا سامنا کرنے والا پیر کے روز نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر دوبار تگڑا ہو گیا۔

پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں گراوٹ کا رجحان رہا جس کی وجہ سے امریکی کرنسی کی قیمت میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں پیر کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں60پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 168.10روپے سے بڑھ کر168.70روپے اور قیمت فروخت 168.20 روپے سے بڑھ کر168.80روپے ہو گئی۔

(جاری ہے)

جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا، 80پیسے کے اضافے سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 168.60روپے سے بڑھ کر169.40روپے اور قیمت فروخت169روپے سے بڑ ھ کر169.80روپے پر جا پہنچی ۔ ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ یدکھنے میں آیا۔ یورو کی قدر میں50پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 197.50روپے سے بڑھ کر198روپے اور قیمت فروخت199.50روپے سے بڑھ کر200روپے ہو گئی اسی طرح1روپے کے بڑے اضافے سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 232روپے سے بڑھ کر233روپے اور قیمت فروخت234روپے سے بڑھ کر235روپے ہو گئی ۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کو روکنے کیلئے گزشتہ ہفتے مداخلت کی گئی تھی، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا اب ڈالر کی قیمت میں بدتریج کمی آئے گی، تاہم پیر کے روز توقعات کے برعکس امریکی کرنسی کی قیمت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔