’پیٹرول کے پیسے نہیں‘، جے یو آئی کے رکن اسمبلی رکشے میں اسمبلی پہنچ گئے

پیٹرول کی قیمت بہت بڑھ گئی ہے، میرے پاس پیٹرول ڈلوانے کے پیسے نہیں، گاڑی ایم پی اے ہاسٹل کھڑی کر دی ہے، جے یو آئی رکن صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ کا رکشے میں اسمبلی پہنچنے پر صحافی کے سوال پر جواب

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 20 ستمبر 2021 19:54

’پیٹرول کے پیسے نہیں‘، جے یو آئی کے رکن اسمبلی رکشے میں اسمبلی پہنچ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین .20 ستمبر2021ء) پیٹرول کی قیمت بہت بڑھ گئی ہے، میرے پاس پیٹرول ڈلوانے کے پیسے نہیں، جے یو آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اپنی گاڑی ایم پی اے ہاسٹل میں کھڑی کرکے رکشے میں اسمبلی پہنچ گئے، ویڈیو وائرل - تفصیلات کے مطابق رنجیت سنگھ رکشے میں اسمبلی اجلاس میں پہنچ گئے۔ صحافی نے رکن صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ سے سوال کیا کہ آپ رکشے میں کیوں آئے ہیں؟ اس پر رنجیت سنگھ نے جواب دیا کہ پیٹرول کے پیسے نہیں ہیں،گاڑی ایم پی اے ہاسٹل میں کھڑی کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے رکشے کا کرایہ بھی بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت فی لیٹر پٹرول 123 روپے سے زائد کی قیمت میں دستیاب ہے، ملک میں پٹرول کی قیمت کبھی اتنی بلند ترین سطح پر نہیں پہنچی۔

(جاری ہے)

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے اگر پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا، تو ملک میں مہنگائی مزید بے قابو ہو جائے گی۔

جبکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی صورتحال تشویش ناک ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت اس وقت 3 سال کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ صرف ایک ہی دن میں خام تیل کے نرخوں میں 3 فیصد اضافہ ہوا، برینٹ کروڈ کے نرخ 2.12 ڈالر بڑھ کر 75.72 ڈالر فی بیرل ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ خام تیل کی یہ قیمت 2018 کے بعد کسی بھی سال میں سب سے بلند ترین قیمت ہے۔

اس سے قبل 2018 میں خام تیل کی قیمت 77 ڈالر فی بیرل کی سطح تک چلی گئی تھی، جبکہ کرونا بحران کی وجہ سے 2020 میں امریکی کروڈ آئل کی قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ 0 ڈالر فی بیرل کی سطح سے بھی نیچے چلی گئی تھی۔ تاہم اب دنیا بھر کی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے اور تیل کی پیدوار والے ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کرنے کے باعث مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پاکستان سمیت کئی ایسے ممالک پر اثر انداز ہو گا جو اپنی توانائی کی ضروریات کیلئے امپورٹس پر انحصار کرتے ہیں۔