داعش نے جلال آباد میں طالبان پر حملوں کی ذمے داری قبول کرلی

پیر 20 ستمبر 2021 23:51

جلال آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) شدت پسند تنظیم داعش نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں طالبان کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبائی شہر جلال آباد میں ہفتہ اور اتوار کو کیے گئے حملوں میں طالبان جنگجوؤں سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

داعش نے یہ دعویٰ اتوار وپیر کی درمیاتی رات اپنے میڈیا ونگ اعماق نیوز ایجنسی پر شائع کیا اور اس دعوے کے ساتھ ہی افغانستان میں طالبان کے دیرینہ حریفوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی ہوتی ہے۔طالبان نے پچھلے مہینے تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے امریکی انخلا کے آخری مرحلے کے دوران افغانستان کا کنٹرول سنبھال کر دارالحکومت کابل پر قبضہ کر لیا تھا، غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل 30 اگست کو مکمل ہو گیا تھا۔

طالبان کو اب افغانستان پر حکومت کرنے کے حوالے سے بڑے معاشی اور سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے اور داعش کے حملوں کی تیزی ان کی کوششوں کو مزید پیچیدہ بنا دے گی۔ ہفتے کو دھماکے ایک ایسے موقع پر ہوئے تھے جب طالبان نے لڑکوں اور مرد اساتذہ کو افغانستان میں سیکنڈری سکول واپس جانے کی ہدایت کی تھی۔