Live Updates

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 76 واں اجلاس 21 سے 27 ستمبر کو نیویارک میں منعقد ہوگا

وزیر اعظم عمران خان سیشن کے دوران ایک ویڈیو لنک کے ذریعے پالیسی خطاب کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

پیر 20 ستمبر 2021 22:35

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 76 واں اجلاس 21 سے 27 ستمبر کو نیویارک میں منعقد ہوگا،وزیر اعظم عمران خان سیشن کے دوران ایک ویڈیو لنک کے ذریعے پالیسی خطاب کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کا آغاز 21 سے 27 ستمبر کو نیویارک میں ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان سیشن کے دوران ایک ویڈیو لنک کے ذریعے پالیسی خطاب کریں گے جس میں وہ اہم عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کا خاکہ پیش کریں گی. ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 21 سے 25 ستمبر 2021 تک نیویارک کا دورہ کررہے ہیں،اس دورے کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں اور اقوام متحدہ کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ دورہ امریکہ کے دوران کونسل آف فارن منسٹرز سے بھی خطاب کریں گے،بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ بات چیت اور متحرک پاکستانی امریکی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔ترجمان کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے فریم ورک میں ایک فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مختلف علاقائی اور عالمی مسائل کیساتھ عصری چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ حمایت کی ہے،وزیر اعظم کا پالیسی خطاب اور وزیر خارجہ کا دورہ نیویارک پاکستان کی سفارتی رسائی اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں اور اہم اداروں کے ساتھ روابط بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کا سرگرم کردار اس کے کثیرجہتی عزم کی عکاسی ہے جوبین الاقوامی امن و سلامتی ،پائیدار ترقی کے فروغ اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے احترام میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی تصدیق ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات