Live Updates

امریکہ اور پاکستان کے مابین موسمیاتی و ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا افتتاحی اجلاس

منگل 21 ستمبر 2021 11:15

امریکہ اور پاکستان کے مابین موسمیاتی و ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا افتتاحی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزما ہونے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کرتے ہوئےدونوں ملکوں کے درمیان موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔گزشتہ روز گروپ کے اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کی ناظم الاُمور اینجیلا ایگلر نے توانائی اور ماحولیات کے شعبہ میں امریکہ اور پاکستان کے مابین پچاس سال سے جاری شراکت کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی شراکت کے نتیجہ میں قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں نوّے کروڑ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور پاکستان  میں  پانی کے بہتر  نظم و نسق  میں مدد کے ساتھ ساتھ ماحول دوست زرعی سرگرمیوں کو فروغ  ملا اور مُلک بھر میں فضائی آلودگی کی نگرانی  کے آلات نصب کیے گئے۔

(جاری ہے)


ناظم الاُمور ایگلر نے پاکستان کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ  کی خاطر   دس ارب درخت لگانے کی مہم  اور صاف اور سرسبز پاکستان منصوبوں جیسی سرگرمیوں سے زمین  کے  بہتر استعمال  کے اقدامات  کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ  کوششوں سے عوامی آگہی میں اضافہ ہو ا ہے  جو اس بات کا غماز ہے  کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تباہی کے خلاف جنگ میں متحرک کردار ادا کررہا ہے۔


اینجیلا ایگلر نے  کہا کہ چونکہ  پاکستان تغیراتی تبدیلیوں کے تباہ کُن اثرات  سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے  اس لیے  ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا سدِ باب  کرنا اور اس کے موافق اقدامات اُٹھانا پاکستان کی بڑی اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تحفظ کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
ناظم الاُمور نے   زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر بائیڈن  نے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع کو امریکہ کی خارجہ اور داخلی پالیسی میں مرکزی حیثیت دی ہوئی ہے۔

۲۰۳۰ء تک امریکہ آلودہ گیسوں کا اخراج ۲۰۰۵ء کی نسبت پچاس  سے باون فیصدتک  کم کرنے کی منصوبہ بندی  کر رہا ہے تاکہ  ۲۰۵۰ء  تک     امریکہ کو آلودگی سے پاک کیا جاسکے۔
ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب  میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالہ سے  وزیراعظم کےخصوصی معاون  مَلک امین اسلم نے  پاکستان اور امریکہ کے درمیان ماحولیاتی تبدیلی پر تعاون  کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت دونوں ممالک کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور صدر جو بائیڈن کی قیادت میں  ماحول دوست ترقی یقینی بنانے   کے مشترکہ نصب العین  کو تقویت دے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات