امریکا کا ویکسینیٹڈ افراد کے لیے سفری پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ

مکمل ویکسین والے مسافر نومبر سے امریکا میں داخل ہوسکیں گے‘عہدیدار وائٹ ہائوس

منگل 21 ستمبر 2021 11:56

امریکا کا ویکسینیٹڈ افراد کے لیے سفری پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) امریکا نے نومبر سے ویکسین شدہ افراد پر سے تمام سفری پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔وائٹ ہائوس کے عہدیدار نے کہا ہے کہ مکمل ویکسین والے مسافر نومبر سے امریکا میں داخل ہوسکیں گے۔عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا گزشتہ سال سے سفری پابندی کے شکار ملکوں سے غیر امریکی شہریوں کو ملک میں آنے کی اجازت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

امریکہ اپنی کورونا وائرس سفری پابندیوں میں نرمی کے ساتھ ، برطانیہ ، یورپی یونین اور دیگر ممالک کے مسافر کو آنے کی اجازت دیگا۔یوپی یونین کے ممالک کی جانب سے کیے گئے مطالبے کے بعد یہ اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد بہت سے رشتہ دار اور دوست لمبے عرصے بعد مل سکیں گے۔نئے قواعد کے تحت ، غیر ملکی مسافروں کو پرواز سے پہلے ویکسینیشن کے ثبوت دکھانے ، سفر کے تین دن کے اندر منفی کوویڈ 19 ٹیسٹ کا نتیجہ حاصل کرنے اور اپنے رابطوں کی معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔

(جاری ہے)

کسی مسافر کو قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئی پالیسی میں کچھ استثنیٰ بھی شامل ہوں گے ، جیسے کہ ان بچوں کے جو ویکسین کے اہل نہیں ہیں ان قواعد سے استثنیٰ دیا جائے گا۔لیکن فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ نئے قواعد صرف امریکی منظور شدہ ویکسینوں پر لاگو ہوں گے یاتمام ویکسینوں پر وائٹ ہاوس عہدیدار نے کہا کہ اس کا تعین امریکی مرکز برائے بیماری کنٹرول کرے گا۔

امریکہ نے سفری پابندیاں ابتدائی طور پر 2020 کے اوائل میں چین سے آنے والے مسافروں پر عائد کی گئی تھیں۔ بعد یہ پابندیاں کورونا وائرس کے پھیلاو کے ساتھ دوسرے ممالک تک بھی بڑھا دی گئیں تھیں۔اس وقت بیشتر غیر امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے جو گزشتہ 14 دنوں میں برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک ، چین ، بھارت ، جنوبی افریقہ ، ایران اور برازیل میں رہے ہیں-