آٹا چینی سمیت دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 21 ستمبر 2021 13:38

آٹا چینی سمیت دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اظہار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) آٹا چینی سمیت دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔مسلم لیگ( ن) کی رکن پنجاب اسمبلی راحت افزا کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار دادکے متن میں کہاگیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان آٹا چینی سمیت دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

حکومت عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔تبدیلی سرکار کے دورے حکومت میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے آٹا چینی سستی اور مناسب قینت پر فراہمی کے لئے کوئی اقدام کارگر نہ ہوا۔

دونوں اشیائے ضرور یہ کی خریداری عوام کی جیب پر بوجھ بن گئی۔مارکیٹ میں 20 کلو آٹا کا تھیلہ 1240 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔جبکہ دس کلو آٹا کا تھیلہ 620 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔ایک ماہ میں آٹا کا 20 کلو تھیلہ 140 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔چینی بھی سستی نہ ہوئی۔مارکیٹ میں چینی 110 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔لہذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہو۔