Live Updates

عثمان بزدار کو ڈوبنے سے عمران خان بچالیں گے لیکن لاہور کو ڈوبنے سے بچانے والا کوئی نہیں ‘عظمی بخاری

عثمان بزدار کی قابلیت اور کارکردگی صرف طلسمی عینک سے نظر آ سکتی ہے،وہ طلسمی عینک کا سانچہ صرف عمران خان اور فیاض چوہان کی آنکھوں میں فٹ ہے

منگل 21 ستمبر 2021 14:25

عثمان بزدار کو ڈوبنے سے عمران خان بچالیں گے لیکن لاہور کو ڈوبنے سے بچانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے پارٹی صدر شہبازشریف سے لمبے بوٹ عثمان بزدار کو دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ شاید لمبے بوٹ پہن کر عثمان بزدار لاہور کی صفائی کراسکیں۔ انہوںنے کہا کہ لاہور بارشی پانی سے ڈوب جائے یاکچرا کنڈی میں تبدیل ہو عثمان بزدار اس کے 45وزیر کسی کو نظر نہیں آئیں گے،پندرہ منٹ کے بارش سے لاہور کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔

حرام ہے ڈیڑھ ،ڈیڑھ کروڑ کی گاڑیوں میں سیر کرنے والے وزیر مشیر اپنے بستروں سے باہر نکلیں،ان نالائقوں سے پہلے والا پانی نکالا نہیں گیا ابھی مزید کالے بادل لاہور پر منڈلا رہے ہیں۔عثمان بزدار کو ڈوبنے سے عمران خان بچالیں گے لیکن لاہور کو ڈوبنے سے بچانے والا کوئی نہیں ،عثمان بزدار کی قابلیت اور کارکردگی صرف طلسمی عینک سے نظر آ سکتی ہے،وہ طلسمی عینک کا سانچہ صرف عمران خان اور فیاض چوہان کی آنکھوں میں فٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہبازشریف کی محنت کی بدولت آج لاہور میں بارش کا پانی ایک گھنٹے میں غائب ہوجاتا ہے،شہبازشریف نے لکشمی چوک اور علامہ اقبال روڈ پر میگا سیوریج سسٹم نصب کیے،آج لکشمی چوک پندرہ گھنٹے مسلسل بارش کے بعد بھی صاف شفاف ہوتا ہے۔شہبازشریف نے لاہور کو حقیقی معنوں میں عالمی معیار کا شہر بنایا،عثمان بزدار کے دور میں تو گٹروں کے ڈھکن بھی غائب ہوگئے ہیں،شاید عثمان بزدار کے وزرا وہ ڈھکن چوری کررہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات