وزیر برائے سماجی بہبود پنجاب سید یاور عباس کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات،چین میں پاکستانی طلبہ کے مسائل بارے تبادلہ خیال

منگل 21 ستمبر 2021 15:01

وزیر برائے سماجی بہبود پنجاب سید یاور عباس کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت ..
لاہور۔وزیر برائے سماجی بہبود پنجاب سید یاور عباس کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات،چین میں پاکستانی طلبہ کے  مسائل بارے تبادلہ خیال:صوبائی وزیر برائے  سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات کی،چین میں موجود پاکستانی طلبہ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یاور عباس بخاری نے کہا کہ کورونا وبا کے تناظر میں چین کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم پاکستانی طالبعلم مشکلات کا شکار ہیں، حکومتی سطح پر ان طالبعلموں کا تعلیمی مستقبل بچانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، امید ہے پاکستانی طلبہ کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ  چین کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ ہمارا اثاثہ ہیں، ہماری تمام تر سپورٹ ان کے لئے ہمہ وقت حاضر ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے صوبائی وزیر کو حکومتی سطح پر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چین میں زیرتعلیم سٹوڈنٹس کے مسائل حل کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ  اس ضمن میں وزیراعظم نے پہلے ہی خصوصی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں، دونوں حکومتوں کی سطح پر رابطے جاری ہیں، پاکستانی طالبعلموں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود اور وزیر سماجی بہبود پنجاب سید یاور عباس بخاری نے دوطرفہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔