ابوظہبی کی سڑکوں پر 700 سے زائد نئے ٹریفک ریڈار نصب کرنے کا فیصلہ

فیصلے کا مقصد ٹریفک اموات کو کم کرنا ہے، نئی ٹیکنالوجی ایک ملٹی ٹارگٹ ٹریکنگ ریڈار پر مشتمل ہے جو ایک تیز کیمرے کے ساتھ مربوط ہے اور جو ایک ساتھ کئی ٹریفک لینز کی نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 ستمبر 2021 15:35

ابوظہبی کی سڑکوں پر 700 سے زائد نئے ٹریفک ریڈار نصب کرنے کا فیصلہ
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) ابوظہبی کی سڑکوں پر 700 سے زائد نئے ٹریفک ریڈار نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ابوظہبی پولیس کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے کا مقصد ٹریفک اموات کو کم کرنا ہے، اس مقصد کے لیے استعمال میں لائی جانے والی نئی ٹیکنالوجی ایک ملٹی ٹارگٹ ٹریکنگ ریڈار پر مشتمل ہے جو ایک تیز کیمرے کے ساتھ مربوط ہے اور جو ایک ساتھ کئی ٹریفک لینز کی نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

خلیج ٹائمز کے مطابق پولیس کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کے تحت ابوظہبی کی سڑکوں پر 700 سے زائد نئے ٹریفک ریڈار نصب کیے جائیں گے ، اس مقصد کے لیے ابو ظہبی پولیس نے ٹیک فرم ادیمیا اور ٹریفک مینجمنٹ حل فراہم کرنے والے الائنس ٹریفک سسٹمز کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ امارات کے سڑکوں کے نظام کو مستقبل سے ہم آہنگ کیا جاسکے ، نئی شراکت داری ابو ظہبی کے روڈ سیفٹی وژن کے مطابق ہے جس کا مقصد ٹریفک اموات کو کم کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی ایک ملٹی ٹارگٹ ٹریکنگ ریڈار پر مشتمل ہے جو ایک تیز کیمرے کے ساتھ مربوط ہے اور جو ایک ساتھ کئی ٹریفک لینز کی نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، ضروریات کے تحت ترتیب دیے گئے اس ہائی ٹیک سسٹم کو MESTAfusion کہا جاتا ہے جو کہ اضافی فعالیت اور موسم کی نگرانی بھی کرے گا۔ اس حوالے سے ابوظہبی پولیس کے سیکیورٹی سسٹمز ڈیپارٹمنٹ میں ٹریفک ٹیکنیکل سسٹم سیکشن کے سربراہ میجر محمد عبداللہ الزابی نے کہا کہ یہ اقدام ابو ظہبی پولیس کی ڈرائیوروں اور سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے ٹریفک کی حفاظت کو بڑھانے کی کوششوں اور اگلے 50 سالوں کے لیے تیاری کی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔