Live Updates

اگر اصلی نیازی ہوتا تو عمران خان کبھی وزیر اعظم نامزد نہ کرتے

میں تو کسی وزارت کا حلف اٹھانے آیا تھا لیکن معلوم نہیں تھا کہ خان صاحب کے ذہن میں یہ بات آئی گئی کہ ایل او سی پر بسنے والے کو وزیراعظم بنا دیتے ہیں۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 ستمبر 2021 16:15

اگر اصلی نیازی ہوتا تو عمران خان کبھی وزیر اعظم نامزد نہ کرتے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 ستمبر 2021ء) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا ہے کہ اگر وہ اصلی نیازی ہوتے تو عمران خان اُن کو کبھی وزیر اعظم نامزد نہ کرتے۔اردو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر خان صاحب کو پتہ ہوتا کہ میں اصلی نیازی ہوں جیسا کہ وہ خود ہیں تو وہ مجھے نہ لیتے کیونکہ وہ اس ذہن کی شخصیت ہی نہیں کہ برادری کی بات کریں یا پارٹی میں کسی کی خدمات کو دیکھیں۔

وزیراعظم میرٹ کی بات کرتے ہیں اور تبدیلی کی بات کرتے ہیں۔آزاد کشمیر میں وہ تبدیلی لائے آئے اور یہی تبدیلی ہے کہ ہم کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں تو کسی وزارت کا حلف اٹھانے آیا تھا لیکن عمران خان نے مجھے وزیراعظم کے لیے نامزد کر دیا۔وہ غیر روایتی طریقے سے سیاست کر رہے ہیں اور جہاں وہ چاہیں کھلاڑی کو کھلائیں اور اس کے لئے ان کا اپنا طریقہ کار ہے۔

(جاری ہے)

مجھے علم نہیں تھا میں تو اپنے حلف کے لئے آیا تھا کہ شاید کوئی وزیر بن جاؤں، سینئر آدمی ہوں تو کوئی سینئر وزیر بنا دیا جائے یا اچھا محکمہ دے دیں لیکن مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ مجھ پر اتنی مہربانی ہوگی اور خان صاحب کے ذہن میں یہ بات آئی گئی کہ ایسے آدمی کو عہدہ دیتے ہیں جس نے ساری زندگی جدوجہد میں گزاری اور ایل او سی پر بسنے والے کو وزیراعظم بنا دیتے ہیں۔

وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کشمیر میں اصلاحات کی بنیاد پر عوام نے ووٹ دیا۔صحت انصاف کارڈ کی فراہمی ہمارے انتخابات میں اے ٹی ایم تھا ۔آزاد کشمیر کو علیحدہ صوبہ بنانے اور آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرف سے ایسی کوئی تجویز نہ سامنے آئی ہے اور نہ ہی ہمارے مشورے کے بغیر ایسی کوئی تجویز سامنے آئے گی اس حوالے سے زیر گردش اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات