Live Updates

پاکستان اور ایران، افغانستان کے داخلی اٴْمور میں مداخلت نہیں کررہے، ذبیح اللہ مجاہد

ْذبیح اللہ مجاہد کا طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے بین الاقوامی شرط پر برہمی کا اظہار

منگل 21 ستمبر 2021 16:59

پاکستان اور ایران، افغانستان کے داخلی اٴْمور میں مداخلت نہیں کررہے، ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) طالبان حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران، افغانستان کے داخلی اٴْمور میں مداخلت نہیں کر رہے ہیں اور ہم ملک کی بہتری کے لیے ان ممالک کے مشوروں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔کابل میں عبوری کابینہ میں توسیع کے اعلان کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کچھ دیگر ممالک کے افغانستان کے ساتھ سیاسی رابطے ہیں۔

ترجمان طالبان حکومت نے امن، استحکام اور جامع افغان حکومت کے لیے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا۔انہوںنے کہاکہ گروپ نے افغانستان کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے مثبت بیانات کو اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کے طور پر نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان، قطر، چین کے فعال کردار کو تسلیم کیا اور اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند دیگر ممالک کا خیرمقدم کیا۔

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر ایسے ادارے موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو اور اور وہ اس حق میں نہیں ہیں کہ کہ ہمارے داخلی کاموں میں مداخلت کریں یا داخلی سطح پر رکاوٹیں پیدا کریں بلکہ یہ ممالک خیر خواہی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے خیر خواہی کے مشوروں کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے افغانستان میں مختلف برادریوں کی نمائندگی کرنے والی جامع حکومت کے قیام کے لیے طالبان سے مذاکرات کا آغاز کردیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات