یورپین یونین نے یورپین فوج بنانے کی خبروں کی تردید کر دی

منگل 21 ستمبر 2021 16:59

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) یورپین یونین نے دنیا میں اپنے فوجی کردار میں اضافے کیلئے 27 ممبر بلاک کی جانب سے اپنی یورپین فوج بنانے کی خبروں کی تردید کی ہے اس حوالے سے پریس بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی ترجمان نبیلا مصرالی نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ یورپ کی اپنی فوج بنانے کا خیال کافی عرصے سے دفاعی عوامی بحث کا حصہ ہے لیکن یورپین یونین کی جانب سے اپنی فوج بنانے کا کوئی ایجنڈا بھی اس وقت میز پر موجود نہیں۔

اس وقت یورپین قیادت کی ساری توجہ اس بات پر ہے کہ اپنی ممبر ریاستوں کی صلاحیتوں اور صنعتی ترقی میں اضافہ کیا جائے۔اس کے ساتھ ہی اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے اپنی اور اپنے ساتھیوں کے تحفظ کیلئے کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یورپ کے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں افغانستان سے مغربی افواج کے انخلاء اور امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے AUKUS نامی انڈو پیسیفک ریجن کیلئے معاہدے کے تناظر میں یورپین یونین کی اپنی دفاعی فورس کی تشکیل پر گفتگو اکثر سنائی دے رہی ہے۔

اسی پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے یورپین کمیشن کے چیف ترجمان ایرک مامر نے ایک دوسرے سوال کے جواب میں کہا کہ یورپین یونین اس آکس معاہدے کے اثرات کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی یورپ کی سطح پر ای یو اور آسٹریلیا کے درمیان اکتوبر میں ہونے والے تجارتی مذاکرات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔