Live Updates

صحت مند زندگی اور بڑھاپے میں نسیان کی بیماری کی شدت میں کمی کیلئے ذہنی اور جسمانی ورزش اور نشوونما ضروری ہے، صدرمملکت

پاکستان میں دنیا کے مقابلے میں خاندانی نظام مضبوط ہے،خاندان میں بزرگوں کا بھر پور خیال رکھا جاتا ہے ، عارف علوی کا خطاب

منگل 21 ستمبر 2021 18:46

صحت مند زندگی اور بڑھاپے میں نسیان کی بیماری کی شدت میں کمی کیلئے ذہنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صحت مند زندگی اور بڑھاپے میں نسیان کی بیماری کی شدت میں کمی کے لئے ذہنی اور جسمانی ورزش اور نشوونما ضروری ہے،انسانی تعلق کی بنیاد ہمدردی ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے منگل کو الزائمر کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل ڈیمنشیا پلان کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ عمر کے کسی حصے میں کسی کا محتاج نہ بنے۔عمر کے آخری حصے میں انسان کی یاداشت کم ہوتی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی اور بڑھاپے میں نسیان کی بیماری کی شدت میں کمی کے لئے ذہنی اور جسمانی ورزش اور نشوونما ضروری ہے۔ جسم کی ورزش سے بدن میں توانائی پیدا ہوتی ہے اسی طرح ، الزائمر سے کمزور ہونے والے دماغی خلیوں کو ذہنی مشقوں کے ذریعے بحالی میں مددملتی ہے۔

(جاری ہے)

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے والدہ کی یاد میں ایک عظیم مقصد کیلئے شوکت خانم میموریل ہسپتال تعمیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم میں موروثی بیماریوں سے متعلق آگاہی دی گئی ہے لیکن اس حوالے سے کوئی الگ شعبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے مقابلے میں خاندانی نظام مضبوط ہے۔ خاندان میں بزرگوں کا بھر پور خیال رکھا جاتا ہے۔

خاندان کو الزائمر کے مریض بزرگوں کی مشکلات کو سمجھناضروری ہے۔ انسانی تعلق کی بنیاد ہمدردی ہے۔ صد ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ معاشرے میں احساس پیداکرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ معاشرے میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

بزرگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ضرورت ہے۔ الزائمر کے شکار مریض کے اہل خانہ کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنا ضروری ہے۔ اسی طرح مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کی تربیت بھی ضروری ہے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے بزرگوں کا خیال رکھنا ہمارے دین کا حصہ ہے۔ الزائمر سے متعلق نیشنل ایکشن پلان میں صوبوںکوشامل ہونا چاہیے۔ الزائمرسوسائٹی پاکستان کے صدر ضیا حیدر رضوی نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات